اسلام آباد : پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 22، 22 روپے کمی کا اعلان
وفاقی حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کیا ہے۔ وزیر اعظم کے احکامات پر پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 22 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں بھی 22 روپے کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ انہوں نے قوم سے وعدہ کیا تھا کہ جیسے ہی معاشی گنجائش پیدا ہو گی، عوام کو ریلیف دیا جائے گا اور آج اس وعدے پر ہو بہو عمل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے واشگاف الفاظ میں دہرایا کہ "عوام کو ریلیف دینا میری اولین ترجیحات میں شامل ہے"۔
وفاقی حکومت کی جانب سے پچھلے ہفتے بھی عوام کو ریلیف دیتے ہوئے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کی گئی تھی۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق وفاقی حکومت نے سخت ترین معاشی حالات کے باوجود عوام کے لیے ریلیف کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔ بالخصوص پبلک و گڈز ٹرانسپورٹ، موٹر سائیکل اور رکشہ استعمال کرنے والے متوسط طبقے کے لیے فیول پر خصوصی سبسڈی دی گئی۔ جب خطے کے دیگر ممالک میں پیٹرول کے حصول کے لیے لمبی قطاریں لگی ہوئی تھیں، اس وقت پاکستان میں وزیر اعظم کے بروقت اور مؤثر اقدامات کی بدولت عوام کو پیٹرول اور ڈیزل کی بلاتعطل دستیابی حاصل تھی۔ مزید برآں، عالمی منڈی میں تیل کے بدترین بحران اور قیمتوں میں ریکارڈ اضافے کے باوجود، حکومت نے عوام پر بوجھ منتقل کرنے کے بجائے 130 روپے سے زائد کی تاریخی سبسڈی دے کر قیمتوں کو قابو میں رکھا اور عوام کو براہِ راست ریلیف فراہم کیا۔
Leave A Comment