وزارتِ مذہبی امور کی ہدایت پر بیشتر حج آرگنائزنگ کمپنیوں نے رواں سال پرائیویٹ حج اسکیم کے پیکیجز ڈیجیٹل پورٹل پر اپ لوڈ کردیے ہیں، جس کے بعد پاک حج ایپ اور حج پورٹل کے ذریعے نجی حج اسکیم کی بکنگ میں تیزی آگئی ہے۔

وزارتِ مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق رواں برس پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت 16 بنیادی حج پیکیجز فائنل کیے گئے ہیں، جن کی قیمتیں 14 لاکھ روپے سے ساڑھے 37 لاکھ روپے تک ہیں۔ عازمین کو اپنی ضرورت اور بجٹ کے مطابق مختلف پیکیجز میں سے انتخاب کی سہولت دی گئی ہے۔پرائیویٹ حج اسکیم میں مختصر دورانیے کے حج پیکیجز کے علاوہ بیرون ملک سے براہِ راست پروازوں اور فائیو اسٹار حج پیکیجز کے انتخاب کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے، جس سے عازمین اپنی ترجیحات کے مطابق پیکیج منتخب کرسکیں گے۔وزارتِ مذہبی امور نے عازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ حج پیکیج کا انتخاب اور ادائیگی صرف سرکاری حج پورٹل یا پاک حج ایپ کے ذریعے کریں۔ ترجمان نے خبردار کیا کہ کسی فرد یا کمپنی کو براہِ راست رقم ادا کرنے کی صورت میں وزارت کسی بھی نقصان کی ذمہ دار نہیں ہوگی۔رواں برس پرائیویٹ حج اسکیم کے لیے مجموعی طور پر 71 ہزار 684 نشستیں مختص کی گئی ہیں، جبکہ پیکیج کے انتخاب اور ادائیگی کی آخری تاریخ 20 نومبر مقرر کی گئی ہے۔مقررہ تاریخ تک پرائیویٹ حج اسکیم کا کوٹہ مکمل نہ ہونے کی صورت میں حکومت کو ازسرِنو کوٹہ مختص کرنے کا اختیار حاصل ہوگا۔

Leave A Comment

Advertisement