سعودی عرب کی نئی قومی ایئرلائن ریاض ایئر نے پاکستان میں باقاعدہ فضائی آپریشن کا آغاز کردیا۔ ایئرلائن کی پہلی پرواز جمعے کی شام اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچی، جس کے ساتھ ریاض اور اسلام آباد کے درمیان ایک نئے براہ راست فضائی رابطے کا آغاز ہوگیا۔ ریاض ایئر کی پرواز آر ایکس 660 شام 7 بج کر 42 منٹ پر اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچی۔ پرواز میں 69 مسافر سوار تھے۔ طیارے کی آمد پر پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کی جانب سے روایتی واٹر سیلوٹ پیش کیا گیا، جس کے بعد مسافروں کو ٹرمینل منتقل کیا گیا۔

ریاض ایئر کی پاکستان میں آمد کے موقع پر پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کی جانب سے ایئرپورٹ پر افتتاحی تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی، پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل ایئر وائس مارشل ذیشان سعید، اعلیٰ سرکاری حکام اور ریاض ایئر کی انتظامیہ نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ نئی فضائی سروس پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مدد دے گی اور براہ راست فضائی رابطے میں اضافے سے دونوں ملکوں کے درمیان سفر مزید آسان ہوگا۔

 

 

Leave A Comment

Advertisement