ایف بی آر کے 50 فیصد ملازمین کو ’ورک فرام ہوم‘ کی اجازت
وزیراعظم کے کفایت شعاری اقدامات پر ایف بی آر میں عملدرآمد شروع کردیا گیا۔ایف بی آر ہیڈکوارٹر میں سٹاف روٹیشن پالیسی نافذ کر دی گئی، گریڈ 1 سے 16 تک ملازمین کے لیے روٹیشن سسٹم لاگو ہوگا، دفاتر میں ایک وقت میں 50 فیصد سے زیادہ عملہ موجود نہیں ہوگا۔ تمام ونگز ان ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کریں، سٹاف روٹیشن میں تبدیلی ونگ ہیڈ کی منظوری سے ممکن ہوگی، انتظامی ونگ کو ہر تبدیلی سے آگاہ کرنا لازمی قرار دیا گیا۔
ایف بی آر نے 50 فیصد ملازمین کو ’ورک فرام ہوم‘ کی اجازت دے دی، ایف بی آر میں ایندھن کے اخراجات میں 50 فیصد کمی کا فیصلہ کیا گیا، بی ایس 20 اور اس سے اوپر افسران سے دو دن کی تنخواہ رضاکارانہ طور پر دینے کی اپیل کی ہے۔
ایف بی آر نے نئی گاڑیوں اور سامان کی خریداری پر مکمل پابندی عائد کر دی جب کہ دفاتر میں 60 فیصد سرکاری گاڑیاں فوری پارک کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ایف بی آر میں نان ای آر ای بجٹ میں 20 فیصد کمی اور سرکاری گاڑیوں کی رفتار مقررہ حد کے مطابق رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے، کفایت شعاری اقدامات پر عملدرآمد کی ہفتہ وار رپورٹ طلب کرلی گئی۔