پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات کل سے شروع
پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان اگلے جائزوں کے لیے مذاکرات کل سے شروع ہوں گے، جو تقریباً دو ہفتوں تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق توسیعی فنڈ فیسلیٹی (ای ایف ایف) اور کلائمٹ فنانسنگ پروگرام کے جائزوں کے لیے مذاکرات بیک وقت ہوں گے۔ مذاکرات میں گزشتہ مالی سال کی دوسری ششماہی کے دوران پروگرام پر پاکستان کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔ای ایف ایف پروگرام کے تحت چوتھے جبکہ کلائمٹ فنانسنگ پروگرام کے تحت تیسرے جائزے کے لیے بات چیت ہوگی۔
مذاکرات کی کامیابی کی صورت میں دونوں پروگراموں کے تحت پاکستان کو اگلی اقساط جاری کی جائیں گی، ای ایف ایف پروگرام کے تحت پاکستان کو پانچویں قسط ملنے کا امکان ہے، جبکہ کلائمٹ فنانسنگ پروگرام کے تحت بھی اگلی قسط کی مد میں فنڈز جاری کیے جائیں گے۔ پاکستان اور آئی ایم ایف کے دونوں پروگراموں کے تحت اب تک پاکستان کو مجموعی طور پر 4 ارب 60 کروڑ ڈالر موصول ہو چکے ہیں۔
اس وقت پاکستان آئی ایم ایف کے ساتھ بیک وقت دو قرض پروگراموں میں شامل ہے،ان میں 7 ارب ڈالر سے زائد مالیت کا توسیعی فنڈ فیسلیٹی پروگرام اور ایک ارب 40 کروڑ ڈالر مالیت کا کلائمٹ فنانسنگ پروگرام شامل ہے۔