تازہ ترین

گلگت بلتستان میں ہونے والے عام انتخابات کے بعد اب نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اب تک اسمبلی کی کل 24 نشستوں میں سے 17 نشستوں کے مکمل غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج موصول ہو چکے ہیں، جن کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی اس وقت سب سے آگے نظر آ رہی ہے۔

اب تک سامنے آنے والے ان 17 حلقوں کے نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی نے مجموعی طور پر نو نشستوں پر کامیابی حاصل کر لی ہے، جبکہ آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے والے پانچ امیدوار بھی الیکشن جیتنے میں کامیاب رہے ہیں۔پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اب تک دو سیٹیں حاصل کی ہیں اور مجلس وحدت مسلمین یعنی ایم ڈبلیو ایم کے حصے میں ایک نشست آئی ہے۔الیکشن کمیشن کے عملے اور مانیٹرنگ ٹیموں کا کہنا ہے کہ تمام حلقوں سے نتائج کی آمد کا سلسلہ بغیر کسی تعطل کے جاری ہے اور جیسے جیسے ووٹوں کی گنتی مکمل ہو رہی ہے، صورتحال واضح ہوتی جا رہی ہے۔

اگر مختلف حلقوں کی تفصیلات کو دیکھا جائے تو پیپلز پارٹی نے جی بی اے 1، 3، 4، 5، 7، 9، 10، 11 اور 12 کے ساتھ ساتھ جی بی اے 19 پر بھی میدان مار لیا ہے۔

پیپلز پارٹی کی اس بڑی کامیابی میں اسکردو کی تین اور نگر کی دو سیٹیں بھی شامل ہیں، جہاں ان کے پوزیشن مضبوط رہی۔اسکردو سے پیپلز پارٹی کے کامیاب ہونے والے نمایاں چہروں میں سید توقیر مہدی شاہ، فدا محمد ناشاد اور راجا ناصر علی خان شامل ہیں جنہوں نے اپنے اپنے حلقوں میں کامیابی حاصل کی، جبکہ جی بی اے 10 اسکردو سے پیپلز پارٹی کے ہی راجہ ناصر عبداللہ نے میدان مارا۔اسی طرح غذر ون یعنی جی بی 19 کے حلقے سے پیپلز پارٹی کے امیدوار جلال علی شاہ نو ہزار 613 ووٹ لے کر واضح برتری کے ساتھ کامیاب قرار پائے ہیں۔

 مسلم لیگ نون نے اب تک دو حلقوں یعنی جی بی اے 18 اور جی بی اے 22 سے کامیابی سمیٹی ہے، جبکہ مجلس وحدت مسلمین کے امیدوار میثم کاظم جی بی اے 8 کے حلقے سے جیتنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

اس الیکشن میں کسی بھی سیاسی جماعت کے پلیٹ فارم کے بغیر لڑنے والے آزاد امیدواروں نے بھی حیران کن کارکردگی دکھائی ہے اور جی بی اے 3، 6، 21، 23 اور 24 پر آزاد امیدواروں نے بڑی بڑی سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کو شکست دے کر کامیابی اپنے نام کی ہے۔ان آزاد امیدواروں میں گھانچے کی نشست جیتنے والے ڈاکٹر اسد شفیق بھی شامل ہیں جنہوں نے اپنے حلقے سے کامیابی حاصل کی ہے۔

ابھی کچھ نشستوں کے نتائج آنا باقی ہیں جس کے بعد ہی گلگت بلتستان میں اگلی حکومت بنانے کی اصل تصویر واضح ہو سکے گی۔

 

Leave A Comment

Advertisement