ایک قوم، ایک شناخت ،مائیکرو چپ ختم، حکومت نے قومی شناختی کارڈ اور پاکستان اوریجن کارڈ کے قواعد میں اہم ترامیم کی منظوری دیدی
حکومت پاکستان نے ایک قوم، ایک شناخت کے تصور کو عملی شکل دیتے ہوئے قومی شناختی کارڈ اور پاکستان اوریجن کارڈ کے قواعد میں اہم ترامیم کی منظوری دے دی جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ ان اصلاحات کا بنیادی مقصد قومی شناختی نظام کو جدید ڈیجیٹل تقاضوں سے ہم آہنگ بنانا ہے۔ ترامیم کے تحت کیو آر کوڈ کو بطور باقاعدہ سیکیورٹی اور تصدیقی فیچر قانونی حیثیت دے دی گئی ہے۔ قواعد میں کیو آر کوڈ کو ایک محفوظ، مشین سے پڑھے جانے والے دو جہتی بارکوڈ کے طور پر شامل کیا گیا ہے، جو معلومات کو انکوڈ کر کے محفوظ رکھتا ہے اور اسکین کیے جانے پر فوری شناختی تصدیق فراہم کرتا ہے۔
قواعد میں کیو آر کوڈ یا کوئی دیگر تکنیکی فیچر شامل کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے جو مائیکروچپ کے متبادل کے طور پر استعمال کیا جا سکے گا۔ اس اقدام سے نادرا کو جدید تصدیقی ٹیکنالوجیز اختیار کرنے میں سہولت ملے گی اور بار بار قواعد میں ترمیم کی ضرورت نہیں رہے گی۔حکام کے مطابق کیو آر سے فعال نظام آف لائن اور آن لائن دونوں ماحول میں فوری اور محفوظ تصدیق کو ممکن بنائے گا۔ اس سے نیشنل ڈیٹا ایکسچینج لیئر کے ذریعے بین الادارہ جاتی رابطہ مضبوط ہوگا، جبکہ سرکاری و نجی اداروں میں شناختی تصدیق کی رفتار اور شفافیت میں اضافہ ہوگا۔ دستی کارروائیوں میں کمی اور جعل سازی کے خطرات کم ہونے کی توقع بھی ظاہر کی گئی ہے۔قواعد میں کارڈ کی معطلی کے اثرات کو بھی مزید واضح اور سخت کیا گیا ہے۔
Leave A Comment