بابر نے پہلی ٹرافی اٹھالی، پشاور زلمی نے فائنل میں حیدرآباد کنگز مین کو شکست دے دی، چیمپیئن بن گیا
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے سنسنی خیز فائنل معرکے میں پشاور زلمی نے حیدرآباد کنگز مین کو 5 وکٹوں سے ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ زلمی نے کنگز مین کی جانب سے دیا گیا 130 رنز کا ہدف 16ویں اوور میں ہی حاصل کر کے میدان مار لیا۔
پشاور زلمی کی جانب سے ہدف کا تعاقب شروع میں کافی مشکل دکھائی دیا جب صرف 7 رنز پر محمد حارث اور کپتان بابر اعظم پویلین لوٹ گئے، دونوں کھلاڑیوں کو محمد علی نے آؤٹ کیا۔ تاہم ایرون ہارڈی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 39 گیندوں پر 56 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو جیت کی دہلیز تک پہنچایا۔ عبداللہ صمد نے بھی جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 34 گیندوں پر 48 رنز بنائے اور ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ حیدرآباد کی جانب سے محمد علی نے 3 وکٹیں حاصل کیں لیکن وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔
اس سے قبل ٹاس ہار کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے حیدرآباد کنگز مین کی پوری ٹیم 18 اوورز میں 129 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔ صائم ایوب 54 رنز بنا کر سب سے نمایاں بلے باز رہے جبکہ کپتان مارنس لبوشین نے 20 رنز بنائے۔ پشاور زلمی کے باؤلرز نے میچ پر اپنی گرفت مضبوط رکھی، خاص طور پر ایرون ہارڈی نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ ناہید رانا اور محمد باسط نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ایرون ہارڈی کو ان کی آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
Leave A Comment