ٹی20 ورلڈ کپ؛ ٹیم بھارت نہیں بھیجیں گے، بنگلہ دیش کا آئی سی سی کو واضح جواب
بنگلہ دیش نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو واضح جواب دیا ہے کہ اپنے کھلاڑیوں کی سیکیورٹی کی وجہ سے ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے ٹیم بھارت نہیں بھیجیں گے۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے مطابق آئی سی سی کے ساتھ ویڈیو کانفرنس ہوئی جہاں بی سی بی نے اپنے فیصلے کو دہراتے ہوئے آئی سی سی سے درخواست کی کہ بنگلہ دیش کے تمام میچز بھارت سے دوسرے ملک منتقل کردیے جائیں۔ بورڈ نے سیکیورٹی خدشات کے باعث ٹیم کو بھارت نہ بھیجنے کے فیصلے پر اپنی پوزیشن کا اعادہ کیا۔ آئی سی سی نے ٹورنامنٹ کے پہلے سے اعلان کردہ شیڈول اجاگر کیا اور بی سی بی سے درخواست کی کہ وہ اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے لیکن بورڈ کی پوزیشن میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
بی سی بی نے بتایا کہ آئی سی سی کے ساتھ تبادلہ خیال جاری رہے گا تاکہ ممکنہ حل نکالا جائے لیکن بورڈ اپنے کھلاڑیوں، عہدیداروں اور عملے کی حفاظت کے لیے بدستور پرعزم ہے۔