زیادہ ون ڈے سنچریاں، بابر اعظم کو سعید انور کا 23 سالہ ملکی ریکارڈ توڑنے کے لیے محض ایک سنچری درکار
بابر اعظم کو مایہ ناز اوپنر سعید انور کا زیادہ ون ڈے سنچریاں سکور کرنے کا 23 سالہ ملکی ریکارڈ توڑنے کے لیے محض ایک سنچری درکار ہے۔بابر اعظم نے گزشتہ سال سری لنکا کے خلاف کھیلے جانے والے دوسرے ون ڈے میں سنچری سکور کرکے سعید انور کا قومی ریکارڈ برابر کیا تھا ، سعید انور نے 244 اننگز میں پاکستان کے لیے 20 ون ڈے انٹرنیشنل سنچریاں سکور کی تھیں۔بابر اعظم نے 136 ویں اننگز میں اپنے ون ڈے کیرئیر کی 20 ویں ون ڈے انٹرنیشنل سنچری سکور کی، دیا، بابر اب تک 140 میچوں کی 137 اننگز میں 20 سنچریوں اور 37 نصف سنچریوں کی مدد سے 53.72 کی اوسط سے 6501 رنز بنا چکے ہیں۔
بابر اعظم کم سے کم اننگز میں 20 سنچریاں مکمل کرنے والے تیسرے کھلاڑی ہیں۔ اس سے قبل جنوبی افریقا کے ہاشم آملہ نے 108 اور بھارت کے ویرات کوہلی نے 133 اننگز میں 20 ویں سنچری سکور کی تھی۔
پاکستان کی جانب سے ون ڈے میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا مشترکہ ریکارڈ اب بابر اعظم اور سعید انور کے پاس ہے، دوسرے نمبر پر محمد یوسف ہیں، جنہوں نے 15 سنچریاں بنائی تھیں، فخر زمان اور محمد حفیظ 11،11 سنچریوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں، اعجاز احمد اور انضمام الحق نے 10،10 سنچریاں بنائی تھیں۔
ون ڈے کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز انضمام الحق نے بنائے ہیں، دوسرے نمبر پر محمد یوسف، تیسرے نمبر پر سعید انور، چوتھے نمبر پر شاہد آفریدی اور پانچویں نمبر پر شعیب ملک ہیں۔