سہ فریقی ویمنز سیریز: پاکستان کو اپنے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں شکست
سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی ویمنز سیریز کے اپنے پہلے میچ میں پاکستان کو ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ڈبلن میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے۔جینیلا گلاسگو 42، کپتان ہیلی میتھیوز 40 اور اسٹیفنی ٹیلر 39 رنز بناکر نمایاں رہیں۔پاکستان کی جانب سے نشرہ سندھو اور رامین شمیم نے 2، 2 جبکہ ڈیانا بیگ نے ایک وکٹ حاصل کی۔ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز بناسکی۔عالیہ ریاض 37، سائرہ جبین 30، کپتان فاطمہ ثناء 27 اور ارم جاوید 24 رنز بناکر نمایاں رہیں۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے شونیشا ہیکٹر اور چینیل ہینری 2،2 جبکہ جاہزارا کلیکسٹن اور اشمینی منیسار نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔پاکستان ٹیم اپنا دوسرا میچ کل آئرلینڈ کے خلاف کھیلے گی۔