پشاور زلمی کو پی ایس ایل 11 کے فائنل میں پہنچتے ہی بڑی خوشخبری مل گئی
بنگلہ دیش کے فاسٹ بولر نہید رانا کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2026 کے فائنل سے قبل دوبارہ این او سی مل گیا ہے، جس کے بعد وہ پشاور زلمی کی نمائندگی کے لیے ٹیم کو جوائن کریں گے۔پشاور زلمی کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے فائنل میں پہنچتے ہی بڑی خوشخبری مل گئی کیوں کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے ناہید رانا کو پی ایس ایل میں واپسی کی اجازت دے دی ہے۔
گزشتہ ہفتے ان کا این او سی واپس لے لیا گیا تھا۔ ابتدائی طور پر ناہید رانا کو 13 اپریل تک ٹورنامنٹ میں کھیلنے کی اجازت دی گئی تھی، جس کے بعد ورک لوڈ مینجمنٹ کے تحت انہیں واپس بلا لیا گیا تھا۔تاہم اب انہیں 3 مئی کو ہونے والے پی ایس ایل فائنل میں شرکت کے لیے دوبارہ اجازت دے دی گئی ہے، جس کے تحت وہ پشاور زلمی کی نمائندگی کریں گے۔ یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب وہ نیوزی لینڈ کے خلاف جاری ٹی 20 سیریز کے ابتدائی 2 میچز میں آرام کر رہے تھے۔
بی سی بی کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک بڑی عالمی فرنچائز لیگ کے فائنل میں شرکت کھلاڑی کی ترقی کے لیے اہم قدم ہے جب کہ ٹیم مینجمنٹ اور میڈیکل پینل نے بھی ان کی فٹنس اور ورک لوڈ کو مدنظر رکھتے ہوئے کلیئرنس دے دی ہے اور اس بات کی یقین دہانی کروائی گئی ہے کہ اس میچ میں شرکت سے ان کی فٹنس یا قومی ذمہ داریوں پر کوئی منفی اثر نہیں پڑے گا۔
پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے صدر تمیم اقبال کا شکریہ ادا کیا۔
Leave A Comment