پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین روزہ ٹیسٹ سیریز کا آج سے آغاز
پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا باقاعدہ آغاز آج لِیڈز کے ہیڈنگلے کرکٹ گراؤنڈ سے ہو رہا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سنسنی خیز مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے جبکہ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ اگست کی 27 تاریخ کو تاریخی گراؤنڈ لارڈز میں اور تیسرا و آخری ٹیسٹ نو ستمبر سے برمنگھم کے ایجبیسٹن گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔ تمام میچز پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر تین بجے شروع ہوں گے۔
پاکستان ٹیم کو پہلے ٹیسٹ سے قبل ایک بڑا دھچکا اس وقت لگا جب مستقل کپتان بابر اعظم پریکٹس میچ کے دوران ہاتھ پر گیند لگنے سے زخمی ہو کر پہلے میچ سے باہر ہو گئے۔ ان کی غیر موجودگی میں سلمان علی آغا پاکستان کے 36ویں ٹیسٹ کپتان کے طور پر قیادت کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔سلمان علی آغا اس سے قبل دو ون ڈے اور پچاس ٹی ٹوئنٹی میچوں میں قومی ٹیم کی کپتانی کر چکے ہیں جبکہ وہ ستائیس ٹیسٹ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کا تجربہ بھی رکھتے ہیں۔ اس کے علاوہ وکٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ سے باہر رہنے والے شان مسعود بھی اب انتخاب کے لیے دستیاب ہیں۔قومی ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز برابر کرنے کے بعد انگلینڈ پہنچی تھی جہاں انہوں نے تھری ڈے پریکٹس میچ میں سعود شکیل کی شاندار سنچری کی بدولت زبردست کامیابی حاصل کی۔
پاکستان کے ریڈ بال ہیڈ کوچ سرفراز احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا پریکٹس میچ بہت اچھا رہا، ہم نے بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں اپنی تمام تر تیاریاں مکمل کر لی ہیں اور وارم اپ میچ بھی جیتا ہے۔ ٹیم کے حوصلے بہت بلند ہیں اور مجھے پورا یقین ہے کہ پوری ٹیم یہاں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ سلمان علی آغا کی کپتانی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بطور ٹیم مینجمنٹ ہمیں لِیڈز ٹیسٹ میں سلمان کی قیادت پر پورا بھروسہ ہے۔ وہ ان کھلاڑیوں میں سے ہیں جو قیادت کی ذمہ داری ملتے ہی مزید پرعزم ہو جاتے ہیں۔ جہاں تک بابر اعظم کا تعلق ہے تو یہ بدقسمتی ہے کہ ان کے ہاتھ پر گیند لگی، لیکن ہمیں امید ہے کہ وہ دوسرے ٹیسٹ کے لیے مکمل فٹ ہو کر ٹیم میں واپس آ جائیں گے۔
تاریخی لحاظ سے پاکستان کا انگلینڈ کی سر زمین پر ریکارڈ کافی نمایاں رہا ہے جہاں قومی ٹیم نے لارڈز میں پانچ، اوول میں چار اور لِیڈز و مانچسٹر میں ایک ایک ٹیسٹ جیتا ہے۔ اب تک دونوں ممالک کے درمیان کھیلے گئے بانوے ٹیسٹ میچوں میں سے پاکستان نے تئیس میں فتح حاصل کی ہے جبکہ انتالیس میچز بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوئے۔ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت انگلینڈ ساتویں اور پاکستان آٹھویں نمبر پر موجود ہے، جس کی وجہ سے یہ سیریز دونوں ٹیموں کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔