ویمنز ایشیا کپ: پا کستان اور سری لنکا دوسرے سیمی فائنل میں آج آمنے سامنے
اے سی سی ویمنز ایشیا کپ میں آج دوسرا سیمی فائنل پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دبئی اسٹیڈیم میں 7 بجے کھیلا جائے گا۔ گروپ بی کی ٹیم سری لنکا اب تک کی ناقابل شکست ٹیم رہی ہے جس نے گروپ میچز میں یو اے ای کو 9 وکٹوں سےشکست دی، انڈونیشیا کے خلاف 75 رنز سے کامیابی حاصل کی اور بنگلا دیش کو 4 وکٹوں سے شکست دی۔
گروپ اے کی پاکستان ٹیم نے اپنے پہلے میچ میں تھائی لینڈ کو 35 رنز سے شکست دی تھی جبکہ اسے اپنے اگلے میچ میں بھارت کے ہاتھوں 7 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور گروپ کے آخری میچ میں ہانگ کانگ کو 72 رنز سے زیر کیا تھا۔
ٹورنامنٹ کا پہلا سیمی فائنل بھارت اور بنگلا دیش کے درمیان کھیلا گیا تھا جس میں بھارت نے 40 رنز سے میچ میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے فائنل میں جگہ بنا لی۔ایونٹ کا فائنل اتوار کو بھارت کے خلاف آج کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔ اے سی سی صدر محسن نقوی فائنل کے بعد انعامات تقسیم کریں گے اور ایشیا کپ کی فاتح ٹیم کو ٹرافی پیش کریں گے۔
یہاں سے سوال اٹھتا ہے کہ اگر بھارتی ویمن ٹیم فائنل اپنے نام کرلیتی ہے تو کیا وہ اے سی سی کے صدر محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرے گی؟ گزشتہ برس ایشیا کپ جیتنے والی بھارتی مینز ٹیم نے محسن نقوی سے ٹرافی وصول نہیں کی تھی اور بھارتی ٹیم کے ٹرافی وصول نہ کرنے کی وجہ سے تنازعہ کھڑا ہوا، بھارتی ٹیم کو کڑی تنقید کا سامنا کرنا پڑاتھا۔