حسینہ واجد کی حمایت، شکیب الحسن کے لیے بنگلہ دیش کر کٹ کے دروازے بند
بنگلہ دیش حکومت نے سابق اسٹار کرکٹر شکیب الحسن کی کرکٹ ٹیم میں واپسی کے امکانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کے ساتھ ایک میڈیا پروگرام میں شرکت کے بعد ان کے لیے دوبارہ ملک کی نمائندگی کرنے کی کوئی گنجائش نہیں رہی۔
شکیب الحسن نے بدھ کو بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں ٹیلی فون کے ذریعے ایک میڈیا پروگرام میں شرکت کی تھی، جہاں معزول سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ نے صحافیوں سے گفتگو کی تھی۔ شیخ حسینہ کو دو سال قبل طلبہ کی قیادت میں ہونے والے احتجاج کے خلاف خونریز کارروائی کے بعد اقتدار سے ہٹا دیا گیا تھا۔
بنگلہ دیش کے وزیر برائے کھیل امین الحق نے کہا کہ حکومت اس سے پہلے شکیب الحسن کے معاملے میں نسبتاً نرم رویہ اختیار کیے ہوئے تھی، تاہم حالیہ پیش رفت کے بعد یہ رویہ برقرار نہیں رکھا جا سکتا۔ ہم اس معاملے کو کافی لچک اور برداشت کے ساتھ دیکھ رہے تھے، لیکن اس کے بعد مجھے نہیں لگتا کہ اب اس طرح سوچنے کی کوئی گنجائش باقی ہے۔