پی ایس ایل 11، افتتاحی میچ میں لاہور قلندرز نے حیدر آباد کنگزمین کو بڑے مارجن سے شکست دے دی
ایچ بی ایل پی ایس ایل 2026 کے افتتاحی مقابلے میں لاہور قلندرز نے حیدرآباد کنگز مین کو 69 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغاز کر دیا ہے۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے اس میچ میں لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز کا بڑا مجموعہ ترتیب دیا۔ فخر زمان 53 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ عبداللہ شفیق نے 45 اور حسیب اللہ خان نے 40 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی۔ مڈل آرڈر میں سکندر رضا نے محض 10 گیندوں پر 24 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر اسکور کو 199 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ حیدرآباد کی جانب سے حسن خان اور ریلی میریڈتھ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
200 رنز کے تعاقب میں حیدرآباد کنگز مین کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم آخری اوور میں محض 130 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔ کپتان مارنس لبوشین 26 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ صائم ایوب 17 اور کوسل پریرا صرف 15 رنز بنا سکے۔ لاہور قلندرز کے بولرز نے نپی تلی بولنگ کا مظاہرہ کیا، جس میں حارث رؤف، سکندر رضا اور عبید شاہ نے دو دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ کپتان شاہین شاہ آفریدی اور مستفیض الرحمان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس شاندار فتح کے ساتھ لاہور قلندرز نے پوائنٹس ٹیبل پر برتری حاصل کر لی ہے اور ایونٹ میں اپنی دھاک بٹھا دی ہے۔
Leave A Comment