آسٹریلیا کا پاکستان کو جیت کیلئے 232 رنز کا ہدف
آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف دوسرے ون ڈے میں مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 231 رنز بنا کر گرین شرٹس کو جیت کے لیے 232 رنز کا ہدف دے دیا۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، آسٹریلوی ٹیم کو ایک مرحلے پر بڑا اسکور بنانے کی امید تھی، تاہم پاکستانی بولرز نے وقفے وقفے سے وکٹیں حاصل کرکے مہمان ٹیم کو کُھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔ اگرچہ آسٹریلیا کی جانب سے چند اہم شراکتیں قائم ہوئیں، لیکن پاکستانی بولنگ اٹیک مسلسل دباؤ برقرار رکھنے میں کامیاب رہا۔آسٹریلیا کی بیٹنگ لائن میں سب سے نمایاں کارکردگی جوش انگلس اور کیمرون گرین نے دکھائی، جنہوں نے نصف سنچریاں اسکور کیں، کیمرون گرین نے 53، جوش انگلس نے 51 رنز بنائے۔کیمرون گرین نے مشکل وکٹ پر انتہائی محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی اننگز کو سنبھالا، جبکہ میٹ رینشا بھی اچھی فارم میں نظر آئے اور ٹیم کے مجموعے میں اہم رنز کا اضافہ کیا، میٹ رنشا نے 43 اور اولیور پیکے نے 32 گیندوں پر 31 رنز بنائے، جس میں ایک چوکا اور دو چھکے شامل تھے۔ انہوں نے آخری اوور میں حارث رؤف کے خلاف ایک شاندار چھکا اور چوکا لگا کر اسکور کو 230 کے پار پہنچایا۔
پاکستان کی جانب سے بولنگ میں عرفات منہاس ایک بار پھر متاثر کن ثابت ہوئے اور انہوں نے 27 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔ ابرار احمد نے بھی نپی تلی بولنگ کرتے ہوئے آسٹریلوی بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے سے روکے رکھا۔فاسٹ بولرز میں شاہین شاہ آفریدی نے اختتامی اوورز میں عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے 3 اہم وکٹیں حاصل کیں، جن میں میتھیو کوہنی مین اور ناتھن ایلس کی وکٹیں بھی شامل تھیں۔حارث رؤف نے بھی ڈیتھ اوورز میں اپنی رفتار اور درست یارکرز سے آسٹریلوی بلے بازوں کو پریشان رکھا۔ انہوں نے اننگز کی آخری گیند پر اولیور پیکے کو شاندار یارکر پر بولڈ کر کے آسٹریلیا کی اننگز کا اختتام کیا۔
پاکستان نے اپنی فاتح الیون برقرار رکھی ہے، جبکہ آسٹریلیا نے ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے، بلی اسٹینلیک کی جگہ لیگ اسپنر ایڈم زمپا کو شامل کیا گیا ہے۔
پاکستان کو آسٹریلیا کے خلاف تین میچز کی سیریز میں ایک صفرکی برتری حاصل ہے۔
pak score .....6/1 in 1st over