ایشیئن گیمز : پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے تھائی لینڈ کو ہرا کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا
پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے کوارٹر فائنل میں تھائی لینڈ ویمنز ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 وکٹوں سے شکست دے کر ایشیئن گیمز کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ ایشیئن گیمز کے ویمن کرکٹ ایونٹ کا دوسرا کوارٹر فائنل بارش کی وجہ سے 11 اوورز فی اننگز تک محدود کیا گیا۔پاکستان نے ٹاس جیت کر بولنگ کی، دوسرے ہی اوور میں فاطمہ ثناء نے اوپنر کی وکٹ حاصل کی، اس کے بعد پانتھا مایا اور ناناپاتھ کونچھا رونکی نے 65 رنز کی شراکت لگائی۔ناناپاتھ کونچھا رونکی نے 49 رنز کی اننگز کھیلی، تھائی لینڈ نے 4 وکٹ پر 91 رنز بنائے۔ فاطمہ ثناء نے2 وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنرز نے 36 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا، شوال 25 اور گل فیروزہ 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔ اس کے بعد ایک ایک کر کے وکٹیں گرتی چلی گئیں، لیکن کپتان فاطمہ ثناء نے 3 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 21 رنز بناکر ٹیم کو سنبھالا۔ پھر طوبہ حسن نے 1 چھکے اور 1 چوکے کی مدد سے 13 رنز بناکر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا، پاکستان نے 2 گیندیں پہلے7 وکٹ پر ہدف پورا کر کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔