تازہ ترین

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلے گئے تیسرے ون ڈے میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ انہیں اپنی ٹیم پر فخر ہے کیونکہ انہوں نے اس سیریز میں نوجوان کھلاڑیوں کو مواقع فراہم کیے اور پوری ٹیم آخری گیند تک ہمت ہارے بغیر لڑی۔ سلمان علی آغا کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آغا ہمیشہ سے اسپنرز اور فاسٹ باؤلرز کے خلاف بہترین کھیل پیش کرتے آئے ہیں اور وہ طویل عرصے سے پاکستان کے لیے شاندار اننگز کھیل رہے ہیں۔ شاہین شاہ آفریدی نے مزید کہا کہ کئی نوجوان کھلاڑی پہلی بار ون ڈے فارمیٹ میں کھیل رہے تھے، ان کے کھیل کا انداز دیکھ کر بہت خوشی ہوئی اور ٹیم انتظامیہ ان کی بھرپور حمایت جاری رکھے گی۔

اپنی بیٹنگ اور میچ کے نتیجے پر بات کرتے ہوئے کپتان کا کہنا تھا کہ انہوں نے آخر تک کوشش کی لیکن بنگلہ دیشی باؤلر رشاد حسین نے بہت عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کیا، جس پر وہ بنگلہ دیشی ٹیم کو اس شاندار فتح پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ کھیل میں ہمیشہ بہتری کی گنجائش رہتی ہے، کھلاڑیوں کو تمام شعبوں میں اپنی فٹنس اور محنت پر مزید توجہ دینے کی ضرورت ہے، تاہم وہ نوجوانوں کی کارکردگی سے مطمئن ہیں اور مستقبل میں بھی ان کا ساتھ دیں گے۔

Leave A Comment

Advertisement