پاکستان ٹی 20 ورلڈ کپ کھیلے گا یا نہیں؟ حتمی فیصلہ کل ہونے کا امکان
پاکستان کی آئندہ ٹی 20 ورلڈکپ میں شرکت سے متعلق اہم فیصلہ کل متوقع ہے، اس سلسلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن کل وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے۔
پاکستان ٹی 20 ورلڈ کپ کھیلے گا یا نہیں؟ حتمی فیصلہ کل ہونے کا امکان ہے، اس حوالے سے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کل وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے، جس میں پاکستان کی ٹی 20 ورلڈکپ میں شرکت سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ محسن نقوی وزیراعظم کو ورلڈکپ سے متعلق موجودہ صورت حال اور مختلف پہلوؤں سے آگاہ کریں گے۔ ملاقات میں آئندہ لائحہ عمل اور ممکنہ فیصلوں پر بھی غور کیا جائے گا۔
محسن نقوی کی قومی ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چئیرمین محسن نقوی نے لاہور میں قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے حوالے سے پی سی بی کے مؤقف پر انہیں اعتماد میں لیا۔ملاقات میں کھلاڑیوں نے چئیرمین پی سی بی کے اصولی مؤقف کو سراہا اور مکمل حمایت کا اظہار کیا۔ محسن نقوی نے پاک آسٹریلیا ٹی 20 سیریز کے لیے قومی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔
ورلڈ کپ میں بھارت کے شرکت نہ کرنے کے حوالے سے محسن نقوی نے کہا کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا مؤقف اصولوں پر مبنی ہے اور پی سی بی آئی سی سی کے دہرے معیار کو مسترد کرتا ہے۔ ہم نے کرکٹ کے سنہری اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے بنگلہ دیش کی حمایت کی اور ورلڈ کپ کے حوالے سے پاکستانی حکومت جو بھی فیصلہ کرے گی اسے من و عن نافذ کریں گے۔ سیاست زدہ کرکٹ کسی کے بھی مفاد میں نہیں، سب کو کرکٹ کے اصولوں پر عمل کرنا چاہیے۔ انہوں نے کھلاڑیوں کو یقین دلایا کہ وہ ہر لحاظ سے باصلاحیت ہیں اور کسی بھی میدان میں کامیابی ٹیم ورک سے حاصل ہوتی ہے۔