بھارت نے ٹیسٹ کرکٹ میں افغانستان کیخلاف پھر اہم ریکارڈ بنا ڈالا ، اننگز اور 300 رنز سے عبرتناک شکست
بھارت نے ٹیسٹ کرکٹ میں افغانستان کیخلاف پھر اہم ریکارڈ بنا ڈالا۔ نیو چندی گڑھ میں افغانستان کو اننگز اور 300 رنز سے عبرتناک شکست دے دی۔سیریز کے واحد ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں بھارت نے 8 وکٹوں پر 564 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کردی۔ کپتان شبمن گل 126 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے اور کے ایل راہول نے 100 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ سائے سدھرشن اور رشبھ پنت نے 81، 81 رنز بنائے۔بھارت کی جانب سے پہلی اننگز میں ڈیبیو کرنے والے مانوو ستھر 6 وکٹیں لے کر افغانستان کےلیے ڈراؤنا خواب ثابت ہوئے تو دوسری اننگز میں کلدیپ یادیو اور واشنگٹن سندر نے افغان بیٹنگ لائن کو پویلین واپس بھیجنے میں اہم کردار ادا کیا۔
افغانستان کی جانب سے محمد سلیم 6 وکٹیں لے کر نمایاں رہے جبکہ ضیا ءالرحمان اور حشمت اللّٰہ شاہدی کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔بعدازاں افغانستان پہلی اننگز میں 152 رنز پر ڈھیر ہوئی، بھارت نے فالو آن کروایا تو افغان ٹیم 112 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔افغانستان کی جانب سے پہلی اننگز میں رحمت شاہ 60 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے جبکہ دوسری اننگز میں صدیق اللّٰہ اتل 42 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ بھارت نے میچ اننگز اور 300 رنز سے جیت لیا جو ٹیسٹ کرکٹ میں اننگز کے اعتبار سے اسکی سب سے بڑی کامیابی ہے جبکہ دوسری جانب یہ اننگز کے اعتبار سے افغانستان کی ٹیسٹ کرکٹ میں سب بڑی شکست ہے۔اننگز کے اعتبار سے افغانستان کو سب سے بڑی شکست سے بھارت نے ہی دوچار کیا تھا۔ 2018 میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں بھارت نے اننگز اور 262 رنز سے کامیابی سمیٹی تھی۔