مینز کرکٹ ورلڈ کپ اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فارمیٹس میں بڑی تبدیلیوں کی منظوری
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے مینز کرکٹ ورلڈ کپ اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فارمیٹس میں بڑی تبدیلیوں کی منظوری دے دی۔14 ٹیموں پر مشتمل مینز ورلڈ کپ میں 3 مرحلوں پر مشتمل نیا فارمیٹ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے مطابق ورلڈ کپ کے آغاز میں 12 ویں، 13 ویں اور 14 ویں نمبر کی ٹیموں کے درمیان ’سپر سیریز‘ مرحلہ کھیلا جائے گا۔سپر سیریز کی فاتح ٹیم دوسرے مرحلے میں جگہ بنائے گی، جہاں 2 گروپس میں 6، 6 ٹیمیں شامل ہوں گی، دوسرے مرحلے سے مجموعی طور پر 7 ٹیمیں تیسرے مرحلے ’سپر 7‘ کے لیے کوالیفائی کریں گی۔دوسرے مرحلے کے دونوں گروپس کی 3، 3 ٹیمیں اور ان کے بعد 1 بہترین رینکڈ ٹیم سپر 7 کھیلے گی، سپر 7 مرحلے میں تمام 7 ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف کھیلیں گی اور ٹاپ 4 ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچیں گی۔نئے ورلڈ کپ فارمیٹ کا مقصد پہلے میچ سے ہی ہر مقابلے کو زیادہ اہم اور دلچسپ بنانا ہے۔
علاوہ ازیں 20 ٹیموں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سپر 8 کی جگہ سپر 10 مرحلہ متعارف کرانے کی منظوری دی گئی ہے۔ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے میں 5 گروپس ہوں گے، ہر گروپ میں 4 ٹیمیں شامل ہوں گی اور ہر گروپ سے 2، 2 ٹیمیں سپر 10 مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی اور مجموعی طور پر 10 ٹیمیں اگلے مرحلے میں پہنچیں گی۔سپر 10 مرحلے میں دونوں گروپس کی پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیمیں براہ راست سیمی فائنل کھیلیں گی۔
سپر 10 مرحلے میں دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں کے درمیان پہلی بار ایلیمینیٹر میچز کھیلے جائیں گے۔آئی سی سی کے مطابق ایلیمینیٹر میچز کے فاتح سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گے، نئے فارمیٹس سے ہر مرحلے میں مقابلوں کی اہمیت اور معیار میں اضافہ ہو گا۔آئی سی سی نے ایسوسی ایٹ ممالک کے لیے 16 ٹیموں پر مشتمل عالمی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کی بھی اصولی منظوری دے دی ہے۔16 ٹیموں کا مجوزہ عالمی ٹورنامنٹ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل کھیلا جائے گا جس کی حتمی منظوری نومبر میں متوقع ہے۔
آئی سی سی بورڈ نے 2028ء ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے نئے کوالیفکیشن نظام کی بھی منظوری دے دی ہے، 2026ء ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں براہِ راست کوالیفائی نہ کرنے والی ٹیمیں گلوبل کوالیفائر میں شرکت کریں گی۔2028ء ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے افریقا، ایشیاء، یورپ، امریکا اور ایسٹ ایشیاء پیسیفک ریجن سے ٹیمیں کوالیفائی کریں گی۔