سلہٹ ٹیسٹ کا دوسرا دن ختم، پاکستان 232 پر آؤٹ، بنگلادیش کو 156 رنز کی برتری حاصل
بنگلادیش کے خلاف پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں 232 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی، جبکہ دوسرے دن کھیل کے اختتام تک بنگلادیشی ٹیم نے 3 وکٹوں پر 110 رنز بنالیے اور اسے 156 رنز کی برتری حاصل ہے۔
سلہٹ میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے 21 رنز بغیر کسی نقصان کے ساتھ دوسرے روز کے کھیل کا آغاز کیا مگر دونوں اوپنرز جلد ہی اپنی وکٹیں گنوا بیٹھے، اذان اویس 13 اور عبداللّٰہ فضل 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔پاکستان کی تیسری وکٹ 61 رنز پر گری جب کپتان شان مسعود 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اس کے بعد پاکستان کی چوتھی وکٹ 79 رنز پر گری جب سعود شکیل 8 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔قومی ٹیم کی پانچویں وکٹ 142 رنز پر گری جب بابر اعظم 68 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جب اسکور کا مجموعہ 150 پر پہنچا تو پاکستان کی چھٹی وکٹ سلمان علی آغا کی صورت میں گری وہ 21 رنز بنا سکے۔بنگلادیش کے خلاف پاکستان کی ساتویں وکٹ 174 رنز پر گری، محمد رضوان 13 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، قومی ٹیم کی آٹھویں 184 رنز پر گری، حسن علی 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔پاکستان کی نویں وکٹ 207 رنز گری جب خرم شہزاد 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور آخری وکٹ 232 رنز پر ساجد خان کی صورت میں گری، انہوں نے 28 گیندوں پر 38 رنز کی اننگز کھیلی۔
بنگلادیش کی جانب سے ناہید رانا اور تیج الاسلام نے 3، 3 جبکہ تسکین احمد اور مہدی حسن میراز نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔46 رنز کی برتری کے ساتھ بنگلادیش نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو اسے پہلا نقصان 15 رنز پر اٹھانا پڑا جب خرم شہزاد کی گیند پر 4 رنز بنانے والے تنزید حسن آؤٹ ہوئے۔ دوسری وکٹ پر محمود الحسن جوئے اور مومن الحق نے 76 رنز کی پارٹنرشپ بنائی، تہام 91 کے مجموعے پر 52 رنز بنانے والے محمود الحسن جوئے محمد عباس کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ دوسرے دن کھیل کے اختتام پر 30 رنز بنانے والے مومن الحق 110 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے، انہیں خرم شہزاد نے پویلین کی راہ دکھائی۔ تاہم نجم الحسن شانتو 13 رنز کے ساتھ کیریز پر موجود ہیں۔