جنوبی افریقہ کے ساتھ پاکستان ویمنز انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے 17رکنی سکواڈ کا اعلان
جنوبی افریقہ کے ساتھ پاکستان ویمنز انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے 17رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ،سیریز پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل ہوگی، سیریز 14 سے 24 جولائی تک کراچی کے نیشنل بینک سٹیڈیم میں کھیلی جائے گی،پاکستان ویمنز انڈر 19 ٹیم کی قیادت فضا فیاض کریں گی، تمام ٹی ٹوئنٹی میچز رات 8 بجے نیشنل بینک سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے،جنوبی افریقہ ویمنز انڈر 19 ٹیم اپنے پہلے دورہ پاکستان کے لیے 10 جولائی کو کراچی پہنچے گی،دونوں ٹیمیں 11 سے 13 جولائی تک ٹریننگ سیشنز میں حصہ لیں گی۔
پاکستان ویمنز انڈر 19 ٹیم نے گزشتہ سال بنگلہ دیش میں میزبان ٹیم کو پانچ میچوں کی سیریز میں 2-3 سے شکست دی تھی۔ کپتان فضا فیاض بھی اس کامیاب سکواڈ کا حصہ تھیں۔فضا فیاض نے بنگلہ دیش کے خلاف دو میچز میں 72 رنز بنائے تھے، جن میں ایک نصف سنچری بھی شامل تھی۔ بنگلہ دیش کے ساتھ سیریز کھیلنے والی 9 کھلاڑیوں کو جنوبی افریقہ کے ساتھ بھی سکواڈ میں برقرار رکھا گیا۔ان میں فضا فیاض، اقصیٰ حبیب، عریشہ انصاری، کومل خان، میمونہ خالد، راحمہ سید، روائل فرحان، روزینہ اکرم اور ذوفشاں ایاز شامل ہیں۔جنوبی افریقہ سیریز سے قبل پاکستان ویمنز انڈر 19 سکواڈ نے کراچی میں فٹنس اور سکلز کیمپ میں بھرپور تیاری کی۔پاکستان ویمنز انڈر 19 سکواڈ میں کپتان فضا فیاض، الزوہہ حماد، اقصیٰ حبیب، عریشہ انصاری، بریرہ سیف، ہادیہ مینا، کومل خان، ماہ نور، ماہم نزاکت، ماہنور زیب، میمونہ خالد، راحمہ سید، روائل فرحان، روزینہ اکرم، شہر بانو، زینب خانم اور ذوفشاں ایاز شامل ہیں۔