نشرہ سندھو نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کیلیے نیا ریکارڈ قائم کردیا
قومی ویمنز ٹیم کی کھلاڑی نشرہ سندھو نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کیلیے نیا ریکارڈ قائم کردیا۔دبئی میں جاری ویمنز ایشیا کپ میں انڈونیشیا کے خلاف میچ میں نشرہ سندھو نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے صرف 7 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں۔نشرہ سندھو ویمنز یا مینز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں چھ وکٹیں حاصل کرنے والی پہلی پاکستانی بن گئیں۔
پاکستان کی جانب سے ویمنز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں اس سے قبل بہترین بولنگ کا ریکارڈ عمیمہ سہیل کے پاس تھا جنہوں نے 13 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔پاکستان کے لیے مینز اور ویمنز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں مجموعی طور پر یہ اعزاز سفیان مقیم کے پاس تھا جنہوں نے 3 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
رواں ویمنز ایشیا کپ میں ہی سری لنکا کی چماری اتاپتو نے انڈونیشیا کے خلاف 5 رنز دے 7 وکٹیں حاصل کی تھیں۔