پاکستان آ کر خوشی ہو رہی ہے، امید ہے ورلڈکپ کی اچھی تیاری ہو گی، مچل مارش
آسٹریلوی کپتان مچل مارش نے کہا ہے کہ پاکستان آ کر خوشی ہو رہی ہے، امید ہے ورلڈکپ کی اچھی تیاری ہو گی۔ آسٹریلیا کے کپتان مچل مارش اور پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے ٹی ٹوئنٹی سیریز کی ٹرافی کی تقریب رونمائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کی۔
آسٹریلیا کے کپتان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آکر خوشی ہورہی ہے، امید ہے ورلڈکپ کی اچھی تیاری ہوگی، پاکستان کی فاسٹ بالرز کی بڑی تاریخ ہے۔انہوں نے کہا کہ شاہین آفریدی بہترین بولر ہیں اور ہمارے لئے چیلنج ہوں گے، ان کا کہنا تھا کہ یہاں آنے سے پہلے زیادہ گرم کپڑے نہیں رکھے، اندازہ نہیں تھا کہ یہاں موسم ٹھنڈا ہوگا۔ ورلڈکپ کی تیاری کیلئے یہ سیریز بہت اہم ہے، کچھ کھلاڑی ہمارے ساتھ اس سیریز کیلئے نہیں آئے لیکن امید ہے وہ ہمیں سری لنکا میں جوائن کریں گے۔ بابر اعظم لمبے عرصے سے بہترین کھلاڑیوں میں شمار ہوتے ہیں، ہم بابر اعظم کی بطور کھلاڑی عزت کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ پلیئنگ الیون کے حوالے سے فیصلہ کل کریں گے۔ ان کنڈیشن میں کھیلنا آسان نہیں ہوگا، اہم سیریز کیلئے بہت پرجوش ہیں، ہم اسپنرز کے خلاف کنڈیشن کو دیکھ کر اٹیک کرنے کی کوشش کریں گے۔