نوجوان کھلاڑیوں کی شمولیت سے ٹیم میں ایک نئی توانائی پیدا ہوتی ہے، عائشہ ظفر
پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کھلاڑی عائشہ ظفر نے کہا ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کی شمولیت سے ٹیم میں ایک نئی توانائی پیدا ہوتی ہے جو مجموعی کارکردگی پر مثبت اثر ڈالتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم نے سیریز کے دو میچز میں170 سے زائد رنز اسکور کیے جو ایک خوش آئند پیش رفت ہے۔ اس سیریز سے کئی مثبت پہلو سامنے آئے ہیں تاہم ابھی بھی بہتری کی گنجائش موجود ہے اور ٹیم کو مزید محنت کرنے کی ضرورت ہے۔ عائشہ ظفر نے بتایا کہ آج کے میچ میں ٹیم کا منصوبہ یہی تھا کہ اننگز کو آخری اوورز تک لے جایا جائے اور میچ کو کامیابی کے ساتھ ختم کیا جائے جس میں ٹیم کامیاب رہی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کے پاس ابھی زیادہ تجربہ نہیں اس لیے وہ کوشش کرتی ہیں کہ میدان میں ان کی مسلسل رہنمائی کرتی رہیں تاکہ ان کا اعتماد بڑھے اور وہ بہتر کھیل پیش کر سکیں۔ عائشہ ظفر نے کہا کہ آخری میچ میں کامیابی پر خوشی ضرور ہے تاہم اگر ٹیم پوری سیریز اپنے نام کرتی تو یہ خوشی مزید بڑھ جاتی۔