پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم ویمنز ایشیا ءکپ میں شرکت کے لیے دبئی روانہ
پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم ویمنز ایشیا ءکپ میں شرکت کے لیے دبئی روانہ ہوگئی، قومی ٹیم کی قیادت فاطمہ ثناء کریں گی۔ ایشیا ءکپ کا میلہ 28 اگست سے 13 ستمبر تک دبئی میں سجے گا، جس میں ایشیاء کی 8 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے میدان میں اتریں گی۔ دبئی روانگی سے قبل قومی ویمن ٹیم نے لاہور میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بھرپور تربیتی کیمپ میں شرکت کی، جہاں کھلاڑیوں نے بیٹنگ، باؤلنگ، فیلڈنگ اور فٹنس پر خصوصی توجہ دی۔ قومی ٹیم نے تیاریوں کو حتمی شکل دینے کے لیے بوائز ٹیم کے ساتھ متعدد پریکٹس میچز بھی کھیلے تاکہ کھلاڑیوں کو دباؤ اور مسابقتی ماحول میں کھیلنے کا موقع مل سکے۔پاکستان ویمن ٹیم ایشیاء کپ کے گروپ اے میں بھارت، تھائی لینڈ اور ہانگ کانگ کے ساتھ شامل ہے۔
ٹیم اپنی مہم کا آغاز یکم ستمبر کو تھائی لینڈ کے خلاف میچ سے کرے گی، جبکہ روایتی حریف بھارت کے خلاف بڑا مقابلہ 5 ستمبر کو ہوگا۔ پاکستان اپنا تیسرا اور آخری گروپ میچ 7 ستمبر کو ہانگ کانگ کے خلاف کھیلے گا۔ایشیاء کپ کے تمام میچز دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ گروپ مرحلے کے بعد دونوں گروپس کی سرفہرست دو، دو ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی، سیمی فائنلز 10 اور 11 ستمبر جبکہ فائنل 13 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔ قومی ٹیم کی قیادت فاطمہ ثناء کریں گی، جبکہ ایشیا ءکپ کے لیے پاکستان کے 15 رکنی سکواڈ میں عائشہ ظفر، ایمان نذیر، ایمن فاطمہ، گل فیروزہ، مومنہ ریاضت، منیبہ علی صدیقی، صدف شمس، نشرہ سندھو، سعدیہ اقبال، سائرہ جبین، شوال ذوالفقار، توبہ حسن، امِ ہانی اور وحیدہ اختر شامل ہیں۔انجری کے باعث نجیحہ علوی کی جگہ صدف شمس کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
قومی ویمن ٹیم کی ایشیاء کپ کے لیے روانگی کے ساتھ ہی پاکستانی شائقین کی نظریں 5 ستمبر کو ہونے والے پاک، بھارت ٹاکرے پر مرکوز ہوگئی ہیں، تاہم فاطمہ ثنا ءالیون کے لیے ٹورنامنٹ کا آغاز ہی اہمیت کا حامل ہوگا اور پہلے مرحلے میں تھائی لینڈ اور ہانگ کانگ کے خلاف کامیابی سیمی فائنل کی دوڑ میں پوزیشن مضبوط بنانے کے لیے کلیدی ثابت ہوسکتی ہے۔