لاہور میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جا رہے تیسرے یکروزہ میچ میں پاکستانی باؤلرز کی شاندار کارکردگی کی بدولت آسٹریلوی ٹیم پہلی اننگز میں محض 157 رنز پر ڈھیر ہو گئی ہے۔ آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، لیکن پاکستانی پیس اٹیک اور اسپنرز نے مہمان ٹیم کے اس فیصلے کو ابتدا ہی سے غلط ثابت کر دیا۔ میچ کے پہلے ہی اوور میں شاہین شاہ آفریدی نے اوپنر میتھیو شارٹ کو صفر پر آؤٹ کر کے پاکستان کو پہلی کامیابی دلائی۔ آسٹریلیا کی جانب سے کپتان جوش انگلس نے سب سے زیادہ 65 رنز بنا کر ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کی، تاہم دوسرے اینڈ سے انہیں کسی بلے باز کا طویل ساتھ میسر نہ آ سکا۔ مارنس لبوشین اور الیکس کیری 19، 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کیمرون گرین صرف 7 رنز بنا سکے۔ پاکستانی فیلڈرز نے بھی شاندار فیلڈنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو آسٹریلوی بلے بازوں کو رن آؤٹ کیا۔ مہمان ٹیم کے آخری بلے باز پاکستانی باؤلنگ کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئے اور پوری ٹیم 42 اوورز میں پویلین لوٹ گئی۔پاکستان کی طرف سے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 8 اوورز میں 30 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ مسٹری اسپنر ابرار احمد نے انتہائی نپی تلی باؤلنگ کی اور اپنے 10 اوورز کے کوٹے میں 2 میڈن پھینک کر صرف 19 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ شاداب خان نے بھی بہترین اسپل کرتے ہوئے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور حارث رؤف نے ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان کو یہ میچ جیتنے کے لیے 158 رنز کا آسان ہدف ملا ہے اور اننگز کے وقفے پر میچ میں پاکستان کی پوزیشن انتہائی مضبوط دکھائی دے رہی ہے۔

 

 

Leave A Comment

Advertisement