کرکٹ پھر سیاست کی نذر، بھارتی ویمن ٹیم کا محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار
بھارتی ویمنز ٹیم کی جانب سے ایشیا کپ جیتنے کے بعد مینز ٹیم کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ٹرافی تنازع کھڑا کردیا اور ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی سے ٹی 20 ایشیا کپ کی ٹرافی لینے سے انکار کردیا۔بھارتی ویمنز ٹیم اپنی مینز ٹیم کی روش پر چل پڑی، فائنل میں دفاعی چیمپئن سری لنکا کو شکست دینے کے بعد ٹرافی کے معاملے پر ہٹ دھرمی کا مظاہرہ شروع کر دیا۔بھارتی ویمنز ٹیم کا محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کر دیا اور ایک بار پھر کرکٹ کو سیاست کی نذر کر دیا۔
ذرائع اے سی سی کے مطابق ٹرافی دینے کا پروٹوکول مکمل طور پر طے تھا، بھارتی ٹیم نے ٹرافی وصول نہ کرنے کا فیصلہ خود کیا، بھارت کی پچھلی ٹرافی بھی دستیاب ہے، صرف وصولی کا انتظار ہے۔ ہمارے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، محسن نقوی اپنے مؤقف سے پہلے بھی ایک انچ پیچھے نہیں ہٹے، آج بھی وہیں کھڑے ہیں۔
سری لنکا ویمن ٹیم کی کپتان چماری اتاپتو نے محسن نقوی سے رنرز اپ انعام وصول کرلیا، جس کے بعد ویمنز ٹی 20 ایشیا کپ فائنل کے انعامات کی تقریب ختم ہوگئی۔
دفاعی چیمپئن سری لنکا کو شکست دے کر بھارت نے ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ جیت لیا
بھارتی ویمن ٹیم نے دفاعی چیمپئن سری لنکا کو شکست دے کر ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ جیت لیا۔ دبئی میں کھیلا گیا فائنل مقابلہ یکطرفہ ثابت ہوا، بھارتی ٹیم نے میچ 72 رنز سے اپنے نام کرلیا۔میچ میں بھارتی ویمن ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو اس سکےلیے درست ثابت ہوا۔بھارتی اوپنرز شفالی ورما اور سمرتی مدانا نے دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے ابتدا میں ہی میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرلی۔ شفالی نے 68 اور سمرتی نے 59 رنز کی اننگز کھیلی۔ان کے علاوہ ریچا گوش نے 17 اور کپتان ہرمن پریت کور نے 14 رنز کی اننگز کھیلی، جس کے ساتھ ہی بھارت نے 183 رنز کا ٹوٹل بورڈ پر سجادیا۔
184 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 111 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ دفاعی چیمپئنز ٹیم کی جانب سے کپتان چماری اتاپتو نے سب سے زیادہ 36 رنز بنائے۔ بھارت کی جانب سے شری چارانی نے 4 جبکہ دیپتی شرما نے 3 وکٹیں لیں۔