میجر لیگ، لنکن باؤلر کی 4 گیندوں پر 4 وکٹیں
امریکہ کے میجر لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ میں سری لنکا سے تعلق رکھنے والے فاسٹ بولر داسن شناکا نے آخری اوور میں 4 گیندوں پر 4 وکٹیں لیکر اپنی ٹیم سیٹل اورکاس کو میچ جتوا دیا ہے۔میجر لیگ کرکٹ میں داسن شناکا نے ایک یادگار آخری اوور میں 4 گیندوں پر 4 وکٹیں حاصل کر کے سیئٹل اورکاس کو ٹیکساس سپر کنگز کے خلاف 9 رنز سے شاندار فتح دلوا دی۔122 رنز کے تعاقب میں ٹیکساس سپر کنگز کی ٹیم آخری اوور میں 107 رنز پر 5 کھلاڑی آؤٹ کے ساتھ موجود تھی، ڈونوون فریرا اور شبھم رنجانے سیٹ دکھائی دے رہے تھے، آخری اوور میں ٹیکساس سپر کنگز کو جیت کیلئے 15 رنز درکار تھے۔سیٹل اورکاس کی جانب سے داسن شناکا اوور کرانے آئے اور پہلی گیند پر رنجانے نے شناکا کو باؤنڈری لگائی جس کے بعد ٹیکساس کو 5 گیندوں پر 11 رنز درکار تھے پھر اگلی گیند پر سنگل اسکور بنا، لیکن اس کے بعد میچ نے ڈرامائی رخ اختیار کر لیا۔ شناکا نے اوور کی تیسری گیند پر فریرا کو کلین بولڈ کیا، اگلی ہی گیند پر کیلون سیویج لانگ آن پر کیچ دے بیٹھے، ہیٹ ٹرک گیند پر ایڈم ملن نے بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش کی مگر گیند وکٹ کیپر کے ہاتھوں میں چلی گئی۔میچ کا فیصلہ ہو چکا تھا مگر شناکا نے آخری گیند پر بھی کمال کر دکھایا اور امشی ڈی سلوا کو شمرون ہیٹ مائر کے ہاتھوں شاندار کیچ آؤٹ کروا کر 4 گیندوں پر 4 وکٹیں مکمل کیں اور ٹیم کو 9 رنز سے فتح دلوادی۔
میجر لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ کی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ کسی بولر نے 4 گیندوں پر مسلسل 4 وکٹیں حاصل کی ہوں۔