تازہ ترین

احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں گجرات ٹائٹنز کے خلاف کھیلے گئے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2026 کے فائنل میچ کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر رائل چیلنجرز بنگلورو (آر سی بی) کے بلے باز ٹم ڈیوڈ کو اگلے سیزن کے پہلے میچ کے لیے معطل کر دیا گیا ہے.آئی پی ایل انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق فائنل میچ کی پہلی اننگز کے دسویں اوور میں وکٹ گرنے کے بعد آسٹریلوی کھلاڑی ٹم ڈیوڈ نے غصے میں آ کر امپائر نتن مینن کی طرف آئس بیگ پھینکا تھا، جس پر ایکشن لیتے ہوئے ان پر میچ فیس کا پچاس فیصد جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے.

ٹم ڈیوڈ کو آئی پی ایل کے ضابطہ اخلاق کی دفعہ 2.9 کے تحت لیول ون کے جرم کا مرتکب پایا گیا، جو میچ کے دوران کسی بھی کھلاڑی، امپائر یا آفیشل کی طرف خطرناک انداز میں گیند یا کوئی اور چیز پھینکنے سے متعلق ہے.آئی پی ایل حکام کے مطابق ٹم ڈیوڈ نے اپنے اس غلط رویے کا اعتراف کر لیا ہے اور میچ ریفری جواگل سری ناتھ کی طرف سے دی جانے والی سزا کو قبول کیا ہے.اگرچہ اس واقعے کی فوری سزا صرف فیس کی کٹوتی اور دو ڈیمیرٹ پوائنٹس تھی، لیکن یہ ٹم ڈیوڈ کا اس پورے سیزن میں تیسرا بڑا جرم تھا جس کی وجہ سے ان کے مجموعی ڈیمیرٹ پوائنٹس کی تعداد پانچ ہو گئی.آئی پی ایل کے قوانین کے تحت پانچ پوائنٹس ہونے پر کھلاڑی پر خودبخود ایک میچ کی پابندی لگ جاتی ہے.

اس معطلی کے باعث وہ آئی پی ایل 2027 میں رائل چیلنجرز بنگلورو کا پہلا میچ نہیں کھیل سکیں گے، اور اگر وہ اگلے سیزن میں کسی دوسری ٹیم کی نمائندگی کرتے ہیں تو بھی یہ پابندی برقرار رہے گی.

یہ کارروائی ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب رائل چیلنجرز بنگلورو نے فائنل جیت کر ٹرافی اپنے نام کی ہے، لیکن اس بڑی کامیابی کے جشن کے باوجود ٹیم کے اہم بلے باز کا اگلا سیزن معطلی سے شروع ہونا ٹیم کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے.

 

Leave A Comment

Advertisement