ایجبسٹن ٹیسٹ میں پاکستان کی شاندار مزاحمت، انگلینڈ کو دوسری اننگز میں جیت کیلئے 130 رنز کا ہدف
دورہ انگلینڈ 2026 میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے بابر اعظم کی قیادت میں تیسرے اور آخری ٹیسٹ میں انگلش بولرز کے سامنے سیریز کی سب سے بہترین بیٹنگ پرفارمینس پیش کی، ناصرف پاکستان ٹیم نے خود کو اننگز کی شکست سے محفوظ رکھا، بلکہ دوسری اننگز میں سیریز کی سب سے لمبی باری لیتے ہوئے 96.4 اوورز بیٹنگ کی اور سیریز میں پہلی مرتبہ دو سو رنز کا ہندسہ عبور کیا۔انگلینڈ کی پہلی اننگز 453 رنز کے جواب میں پاکستان نے دوسری اننگز میں 320 رنز کے خسارے کیساتھ 449 رنز اسکور کئے اور دوسری اننگز میں میچ جیتنے کے لئے میزبان ٹیم کو 130 رنز کا ہدف دیا۔
تیسرے دن کھیل کی خاص بات نویں وکٹ پر پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے رضا اللّٰہ اور محمد عباس کی انتہائی مزاحمتی بلے بازی تھی، دونوں نے وکٹ کے چاروں جانب شاندار شارٹس کھیلے اور انگلش بولرز کو پہلی بار سیریز میں بے بس کر دیا۔رضا اللّٰہ نے انتہائی جارحانہ انداز اپنایا، 63 گیندوں پر 4 چوکوں اور 9 چھکوں کیساتھ 81 رنز کی انتہائی شاندار اننگز کھیلی، محمد عباس نے ان کا بھرپور ساتھ دیا،67 گیندوں پر 5 چوکوں اور 2 چھکوں کیساتھ 42 رنز کی اننگز کھیلی، دونوں کے درمیان نویں وکٹ پر 121 رنز بنے۔انگلینڈ کی جانب سے گس ایٹکنسن نے تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا، اس سے قبل برمنگھم کے ایجبسٹن کرکٹ گراونڈ پر انگلینڈ کے خلاف ICC ٹیسٹ چیمپئن شپ کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ کے تیسرے دن پاکستان نے اپنی دوسری نا مکمل اننگز 54 رنز 2 کھلاڑی آوٹ سے کھیل شروع کیا تو گذشتہ روز کے ناٹ آوٹ بیٹس مینوں سابق ٹیسٹ کپتان شان مسعود اور اذان اویس اسکور کو 125 رنز تک لے گئے۔دونوں بائیں ہاتھ کے بیٹس مینوں کے مابین تیسری وکٹ پر اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب ڈین لارنس کی لیگ سائیڈ پر جاتی گیند پر وکٹوں کے پیچھے متبادل وکٹ کیپر جارڈن کاکس نے خوب صورت کیچ لیا۔
اذان اویس نے 84 گیندوں پر 10 چوکوں کیساتھ 59 رنز کی اننگز کھیلی، کپتان بابر اعظم نے چوتھی وکٹ پر شان مسعود کیساتھ اسکور میں 89 رنز جوڑے، دونوں کے درمیان اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا ،جب شان مسعود 95 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر آوٹ ہوئے، ایٹکنسن کی گیند پر ڈین لارنس نے بائیں ہاتھ کے بیٹس مین کا خوب صورت کیچ لیا۔شان مسعود نے 148 گیند کھیل کر 12 چوکے لگائے، کپتان بابر اعظم 103 گیندوں پر 11 چوکوں اور ایک چھکے کیساتھ 76 رنز بنائے، پہلی اننگز کے ٹاپ اسکورر سعود شکیل دوسری اننگز میں 29 رنز بنا سکے۔