پہلا ٹیسٹ: ویسٹ انڈیز نے پہلے روز پاکستان کیخلاف 3 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنالیے
کیویم ہوج کی 83 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کی بدولت ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے پہلے دن کھیل کے خاتمے پر 194 رنز سکور کرلیے جبکہ اُس کے 3 کھلاڑی آؤٹ ہوئے، فاسٹ بولر محمد عباس نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
تاروبا میں برائن لارا کرکٹ اکیڈمی میں شروع ہونے والے میچ کا ٹاس ویسٹ انڈیز نے جیتا اور پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، کھیل کے پہلے سیشن میں بارش کے سبب صرف 14 اعشاریہ ایک اوورز کا کھیل ہوسکا جس میں ویسٹ انڈیز نے ایک وکٹ پر 23 رنز بنائے۔برینڈ ن کنگ 12 کے انفرادی سکور پر محمد عباس کا شکار بنے تھے، کھانے کے وقفے کے آدھے گھنٹے کے بعد کھیل دوبارہ شروع ہوا۔اوپنر چندر پال اور ہوج نے دوسری وکٹ پر 51 رنز کی شراکت قائم کی، چندر پال 21ر نز بناکر آؤٹ ہوئے، تیسری وکٹ پر عامر جنگو نے ہوج کے ساتھ مل کر 42 رنز بنائے، وہ اکیس رنز سکور کرنے کے بعد اننگز میں محمد عباس کا دوسرا شکار بنے۔چوتھی وکٹ پر شائی ہوپ اور ہوج نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہر ہ کیا اور مزید بغیر کسی نقصان کے ٹیم کا سکور 3 وکٹ پر 194 رنز تک لے گئے، اس دوران ہوج نے اپنی نصف سنچری مکمل کی، وہ 83 جبکہ شائی ہوپ 39 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں، دونوں 88 رنز کی شراکت قائم کرچکے ہیں۔محمد عباس نے 2، عامر جمال نے ایک وکٹ حاصل کی۔