سابق بھارتی کپتان سارو گنگولی اور انکی اہلیہ کو قتل کی دھمکیاں
بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور بی سی سی آئی کے سابق صدر سارو گنگولی اور ان کی اہلیہ ڈونا گنگولی کو مبینہ طور پر جان سے مارنے کی دھمکیاں ملی ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق گنگولی خاندان اور ان کے پرسنل اسسٹنٹ کی جانب سے پولیس میں درج شکایت میں کہا گیا ہےکہ تازہ دھمکی آمیز خط پیر کو بنگال کرکٹ کے صدر کے دفتر میں کھولا گیا۔ خط مکمل طور پر انگریزی میں تحریر تھا اور اس میں گنگولی اور ان کے خاندان کو 'ختم' یا 'جان سے مارنے' کی دھمکیاں دی گئی تھیں۔
خاندانی ذرائع کے مطابق گزشتہ 6 ماہ سے ایسے خطوط موصول ہورہے تھے جنہیں ابتدا میں حد سے زیادہ پرجوش مداحوں کی جانب سے بھیجے گئے خطوط سمجھ کر نظر انداز کردیا گیا تاہم حالیہ خط میں استعمال کی گئی جارحانہ زبان اور مسلسل دھمکیوں کے باعث خاندان نے معاملہ پولیس تک پہنچانے کا فیصلہ کیا۔سارو گنگولی فیملی کی جانب سے مقامی پولیس اسٹیشن میں باقاعدہ تحریری شکایت درج کروائی گئی ہے جب کہ ریاستی حکومت کے سکیورٹی ڈپارٹمنٹ کو بھی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے فوری اقدامات کی درخواست کی گئی ہے۔
Leave A Comment