تازہ ترین

پاکستان کرکٹ بورڈ اور حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے درمیان نیاز اسٹیڈیم کو پی سی بی کے حوالے کرنے کا معاہدہ آج ہوگا، معاہدے کی مدت بیس سال ہوگی، معاہدے کے بعد پی سی بی نیاز اسٹیڈیم کو بین الاقوامی معیار کے مطابق اپ گریڈ کرے گی۔حیدرآباد کے تاریخی نیازاسٹیڈیم کو پی سی بی کے زیر انتظام کرنے کے معاہدے کی تقریب نیاز اسٹیڈیم میں ہوگی۔مجوزہ معاہدے کے مطابق اسٹیڈیم پر مکمل انتظامی کنٹرول پی سی بی کے پاس ہوگا، جبکہ اسٹیڈیم کی ملکیت حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ہی کی رہے گی۔ تمام تجارتی حقوق بشمول ٹکٹنگ اسپانسرشپ، اشتہارات، نشریاتی حقوق اور پارکنگ پی سی بی کے پاس ہوں گے، مالی شرائط کے مطابق پی سی بی کارپوریشن کو ماہانہ دس ہزار روپے کرایہ ادا کرے گا جو ہر سال کے آغاز پر یا اس سے پہلے پیشگی دیا جائے گا۔

اس کے علاوہ ٹکٹ والے ہر کرکٹ میچ کی گیٹ رسیدوں سے حاصل ہونے والی پی سی بی کی آمدنی کے خالص منافع کا بیس فیصد کارپوریشن کو ملے گا۔معاہدے کے مطابق پی سی بی اسٹیڈیم کو بین الاقوامی معیار کے مطابق اپ گریڈ کرے گا، جس میں پچ اور آؤٹ فیلڈ، فلڈ لائٹس، ڈریسنگ رومز، تماشائیوں کے اسٹینڈز، ہاسپیٹیلیٹی باکسز اور پارکنگ شامل ہیں۔ دیکھ بھال اور انشورنس کی ذمہ داری بھی بورڈ کی ہوگی معاہدے کی رو سے بورڈ اسٹیڈیم میں بین الاقوامی، فرسٹ کلاس اور پی ایس ایل میچز کا انعقاد کرسکے گا اور حیدرآباد میں اہم میچز لانے کے لیے معقول کوششیں کرے گا۔ بورڈ اسٹیڈیم یا اس کا کوئی حصہ فرنچائز یا فریقِ ثالث کو ذیلی لائسنس پر بھی دے سکے گا۔

 

 

Leave A Comment

Advertisement