پریذیڈنٹ ٹرافی؛ تیسرے دن کا کھیل ختم، سٹیٹ بینک کو جیت کیلئے72 رنز درکار
پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون فرسٹ کلاس کے فائنل کے تیسرے دن کا کھیل اختتام پذیر ہو گیا ہے، ٹائٹل اپنے نام کرنے کے لیے اب سٹیٹ بینک کو مزید 72 رنز درکار ہیں جبکہ ایم آئی ٹی سلیوشنز کو فتح کے لیے 3 وکٹیں چاہیں۔ 237 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سٹیٹ بینک نے تیسرے دن کے اختتام تک 59.4 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنا لیے ہیں،سٹیٹ بینک کے محمد عباس اور مبثر خان اس وقت کریز پر موجود ہیں۔سٹیٹ بینک کے اوپنر حسن رضا نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 73 رنز کی اننگز کھیلی ۔
دن کے آغاز پر ایم آئی ٹی سلیوشنز نے 263 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ سے اپنی نامکمل اننگز آگے بڑھائی اور پوری ٹیم 291 رنز پر آؤٹ ہو گئی،اس دوران عامر جمال نے فرسٹ کلاس کیریئر کی پانچویں نصف سنچری سکور کی۔محمد عباس نے تباہ کن بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 18 اوورز میں 70 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
محمد عباس کے فرسٹ کلاس کیریئر میں یہ 60 واں موقع ہے جب انہوں نے ایک اننگز میں پانچ یا اس سے زائد وکٹیں حاصل کی ہیں۔