سہ ملکی ون ڈے سیریز: انگلش کپتان ہیری بروک کی ڈبل سنچری، سری لنکا کو جیت کے لیے 430 رنز کا ہدف
سہ ملکی ون ڈے سیریز کے تیسرے میچ میں انگلش کپتان ہیری بروک کی ڈبل سنچری کی بدولت انگلینڈ نے سری لنکا کو جیت کے لیے 430 رنز کا ہدف دے دیا۔ تین ملکی سیریز کے تیسرے میچ میں سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان میچ راولپنڈی میں جاری ہے جہاں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔انگلینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹ پر 429 رنز بنائے۔ انگلینڈ کی جانب سےکپتان ہیری بروک نے ریکارڈ ساز اننگز کھیلی۔ انہوں نے 10 چھکوں اور 21 چوکوں کی مدد سے 114 گیندوں پر ڈبل سنچری بنائی۔اس اننگز کے ساتھ ہیری بروک انگلینڈ کی جانب سے ڈبل سنچری بنانے والے پہلے بیٹربن گئے ہیں۔ہیری بروک 116 گیندوں پر 202 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ان کے علاوہ ول جیکس 30 گیندوں پر 66 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، جوروٹ نے 69 اور ٹام بینٹن نے 50 رنز بنائے۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ون ڈے کرکٹ میں پہلی بار 400 رنز کا ہندسہ عبور ہوا ہے۔اس سے قبل راولپنڈی میں پاکستان کا 337 رنز کا سب سےبڑا ٹوٹل بنایا گیا تھا۔راولپنڈی اسٹیڈیم میں ہیری بروک سے پہلےگیری کرسٹن نے1996 میں188 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔