تازہ ترین

سہ ملکی ون ڈے سیریز کے تیسرے میچ میں انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک کی ریکارڈ ساز ڈبل سنچری بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی، سری لنکا نے 430 رنز کا بڑا ہدف 49.5 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرتے ہوئے انگلینڈ کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 429 رنز بنائے۔انگلش کپتان ہیری بروک نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 116 گیندوں پر 202 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جس میں 21 چوکے اور 10 چھکے شامل تھے۔ وہ انگلینڈ کی جانب سے ون ڈے انٹرنیشنل میں ڈبل سنچری بنانے والے پہلے بیٹر بن گئے۔انگلینڈ کی جانب سے ول جیکس نے بھی جارحانہ بیٹنگ کی اور 30 گیندوں پر 66 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ جو روٹ نے 69 اور ٹام بینٹن نے 50 رنز اسکور کیے۔

سری لنکا کی جانب سے ہدف کے تعاقب میں بہترین مقابلہ دیکھنے میں آیا اور ٹیم نے آخری اوور میں ہدف حاصل کرلیا۔ سری لنکا نے 49.5 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 430 رنز بنائے اور میچ 2 وکٹوں سے اپنے نام کرلیا۔اس نتیجے کے ساتھ ہی راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ون ڈے انٹرنیشنل میں پہلی مرتبہ 400 رنز کا ہندسہ عبور ہوا۔ اس سے قبل اس میدان پر پاکستان کا 337 رنز کا مجموعہ سب سے بڑا ون ڈے اسکور تھا۔

Leave A Comment

Advertisement