بنگلہ دیش کے لٹن داس نے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کا نیا عالمی ریکارڈ بنا دیا
بنگلہ دیش کے وکٹ کیپر اور بیٹر لٹن داس نے جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا،وہ ایک ٹیسٹ اننگز میں 8 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے والے دنیا کے پہلے وکٹ کیپر بن گئے ہیں۔
آئی سی سی کے مطابق جوہانسبرگ میں لٹن داس نے جنوبی افریقہ کی پہلی اننگز کے دوران 6 کیچ پکڑے جبکہ 2 کھلاڑیوں کو اسٹمپ آؤٹ کیا۔ اس طرح ان کے مجموعی شکار کی تعداد 8 ہوگئی اور انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں وکٹ کیپر کی جانب سے ایک اننگز میں سب سے زیادہ کھلاڑی آؤٹ کرنے کا سابقہ ریکارڈ توڑ دیا۔
لٹن داس سے قبل ٹیسٹ کرکٹ کی ایک اننگز میں سب سے زیادہ 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے کا ریکارڈ پانچ وکٹ کیپرز کے پاس مشترکہ طور پر موجود تھا، ان میں پاکستان کے وسیم باری، انگلینڈ کے باب ٹیلر، نیوزی لینڈ کے ایان اسمتھ اور ویسٹ انڈیز کے رڈلی جیکبز اور جوشوا ڈی سلوا شامل تھے۔تاہم لٹن داس نے 6 کیچز اور 2 اسٹمپنگز کے ذریعے ان تمام کھلاڑیوں کو پیچھے چھوڑ دیا، اس سے قبل ریکارڈ رکھنے والے پانچوں وکٹ کیپرز نے اپنے 7 شکار کیچز کے ذریعے کیے تھے جبکہ لٹن داس نے کیچز اور اسٹمپنگ دونوں شعبوں میں یہ منفرد کارنامہ انجام دیا۔
لٹن داس نے جنوبی افریقہ کی پہلی اننگز میں ایڈن مارکرم، زبیر حمزہ، میتھیو بریٹزکے، ویان ملڈر، مارکو یانسن اور سائمن ہارمر کے کیچ پکڑے۔چوتھے روز کھیل کے آغاز پر انہوں نے مہدی حسن میراز کی گیند پر پہلے ریان ریکلٹن کو اسٹمپ آؤٹ کیا، جو 102 رنز بنا چکے تھے جبکہ اس کے کچھ ہی دیر بعد کاگیسو رباڈا کو بھی اسٹمپ آؤٹ کرکے عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔