پریذیڈنٹ ٹرافی: محمد شہزاد نے پاکستان کی فرسٹ کلاس کرکٹ کی تیز ترین سنچری کا ریکارڈ قائم کر دیا
پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون فرسٹ کلاس کے تیسرے راؤنڈ میں پاکستان ٹیلی ویژن کے بیٹر محمد شہزاد نے پاکستانی فرسٹ کلاس کرکٹ کی تیز ترین سنچری کا ریکارڈ قائم کر دیا۔محمد شہزاد نے پی ٹی وی کی نمائندگی کرتے ہوئے جمعرات کو اسلام آباد کے ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ میں کنگز مین اکیڈمی کے خلاف میچ میں جارحانہ بیٹنگ کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے 49 گیندوں پر سنچری بناڈالی۔اس کے ساتھ ہی محمد شہزاد نے کسی بھی پاکستانی بیٹرز کی جانب سے فرسٹ کلاس کرکٹ میں تیز ترین سنچری بنانے کا ریکارڈ قائم کر دیا۔شہزاد نے 62 گیندوں پر 12 چوکوں اور 8 چھکوں کی مدد سے 114 رنز بنائے۔محمد شہزاد نے سابق پاکستانی کپتان مصباح الحق کا قائم کردہ ریکارڈ توڑا ہے۔مصباح الحق نے 2014 میں آسٹریلیا کے خلاف 56 گیندوں پر سنچری سکور کی تھی۔