دوسرے ٹیسٹ کا دوسرا روز ، آسٹریلیا کی جنوبی افریقہ پر گرفت مضبوط
جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز بھی بارش نے کھیل کو شدید متاثر کیا تاہم آسٹریلوی فاسٹ باؤلر اسکاٹ بولینڈ کی شاندار باؤلنگ کے باعث میزبان ٹیم مشکلات کا شکار رہی، دن کے اختتام پر جنوبی افریقہ نے پہلی اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 97 رنز بنا لیے ہیں ۔
سینٹ جارجز پارک، گکیبرہا میں صبح ہونے والی شدید بارش کے باعث کھیل تقریباً چھ گھنٹے تاخیر سے شروع ہوا اور پورے دن میں محدود اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا، جنوبی افریقہ نے پہلے روز کے اختتام پر 20 رنز پر 2 وکٹیں گنوائی تھیں۔دوسرے روز کھیل دوبارہ شروع ہونے پر اسکاٹ بولینڈ نے ڈیبیو کرنے والے مارکس ایکرمین کو 6 رنز پر آؤٹ کر کے آسٹریلیا کو اہم کامیابی دلائی، اس کے بعد مچل اسٹارک نے میتھیو بریٹزکے کو صرف 4 رنز پر پویلین بھیج دیا جس کے نتیجے میں جنوبی افریقہ کی ٹیم 40 رنز پر 4 وکٹیں کھو بیٹھی۔اس مشکل صورتحال میں کپتان ٹیمبا باووما اور ریان ریکلٹن نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچویں وکٹ کے لیے 52 رنز کی شراکت قائم کی، ریکلٹن 31 رنز بنانے کے بعد بولینڈ کی گیند پر میٹ رینشا کے شاندار کیچ کے نتیجے میں آؤٹ ہوئے۔
دوسرے روز کھیل کے اختتام پر ٹیمبا باووما 41 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ تھے جبکہ ویان ملڈر 2 رنز بنا کر ان کا ساتھ دے رہے تھے،آسٹریلیا کی جانب سے اسکاٹ بولینڈ نے 31 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ مچل اسٹارک نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
آسٹریلیا نے پہلے ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کو 214 رنز سے شکست دی تھی۔ دوسرے ٹیسٹ میں بھی مہمان ٹیم مضبوط پوزیشن میں دکھائی دے رہی ہے، تاہم بارش کے باعث ضائع ہونے والے وقت نے میچ کے نتیجے کو غیر یقینی بنا دیا ہے۔