تیسرا ٹی 20: پاکستان کا سری لنکا کو جیت کے لیے 169 رنز کا ہدف
تیسرے ٹی 20 میں پاکستان نے سری لنکا کو جیت کے لیے 169 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ میں سری لنکا کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز اسکورکیے۔
پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان اور فخر زمان نے اننگز کا کیا تاہم فخر زمان 12 رنز بنا کر ایشان ملنگا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے جب کہ اسی اوور میں معاذ صداقت بھی بغیر رنز بنائے ایشان ملنگا کا شکار بن گئے۔پاکستان کا اسکور 67 رنز تک پہنچا تو حسن نواز بھی صرف 17 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، اس کے کچھ ہی دیر بعد 72 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کو چوتھا نقصان بھی اٹھانا پڑا اور خواجہ نافع 3 رنز بنا کر داسن شانکا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے جب کہ 86 رنز محمد عمران رندھاوا بھی 6 رنز بناکر چلتے بنے۔
ایک طرف وکٹیں گرنے کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا تو دوسری طرف کپتان صاحبزادہ فرحان کریز پر ڈٹے رہے اور پاکستان کی 86 رنز پر آدھی ٹیم آؤٹ ہونے کے باوجود ذمہ دارانہ بیٹنگ جاری رکھی۔ پاکستان کا اسکور 106 تک پہنچا تو عبدالصمد بھی صاحبزادہ فرحان کا ساتھ چھوڑ گئے اور وہ صرف 15 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔اس کے بعد عرفات مہناس نے صاحبزادہ فرحان کے ساتھ مل کر 7 ویں وکٹ کے لیے 66 رنز جوڑے اور ٹیم کا اسکور 168 تک پہنچایا۔کپتان صاحبزادہ فرحان 47 گیندوں پر 76 رنز بناکر نمایاں اسکورر رہے، انہوں نے 3 چھکے اور 7 چوکے بھی لگائے اور میچ کی سیکنڈ لاسٹ بال پر ایک اور چھکا لگانے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہوئے۔
پاکستان ٹیم کی جانب سے دوسرے نمایاں بلے باز عرفات منہاس رہے، جنہوں نے 20 گیندوں پر 34 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے جب کہ رضااللہ جو اننگز کی آخری گیند پر آئے تھے ایک زوردار شاٹ کھیلنے کی ناکام کوشش میں کلین بولڈ ہوئے۔اس طرح پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے اور سری لنکا کو جیت کے لیے 169 رنز کا ہدف دیا۔
Leave A Comment