ابرار احمد ٹی 20 کے نمبر ون بولر بن گئے
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے مردوں کی تازہ عالمی رینکنگ جاری کردی، جس میں پاکستان کے لیگ اسپنر ابرار احمد نے پہلی بار ٹی 20 بولرز کی عالمی رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن حاصل کرلی جب کہ صاحبزادہ فرحان ٹی 20 بیٹنگ رینکنگ میں تیسری پوزیشن پر موجود ہیں۔آئی سی سی کی تازہ رینکنگ کے مطابق ابرار احمد نے افغانستان کے اسٹار اسپنر راشد خان کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ٹی 20 بولرز کی عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ راشد خان ایک ریٹنگ پوائنٹ کے فرق سے دوسرے نمبر پر چلے گئے، جو گزشتہ چھ ماہ سے ٹاپ پوزیشن پر موجود تھے۔
ابرار احمد ٹی 20 بولنگ رینکنگ میں نمبر ون بننے والے پاکستان کے پانچویں بولر ہیں۔ ان سے قبل عمر گل، سعید اجمل، عماد وسیم اور شاہد آفریدی بھی یہ اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔پاکستان کے محمد نواز ٹی 20 بولرز کی رینکنگ میں آٹھویں نمبر پر موجود ہیں جب کہ سلمان مرزا ایک درجہ تنزلی کے بعد 19ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔
ٹی 20 بیٹنگ رینکنگ میں پاکستان کے صاحبزادہ فرحان تیسری پوزیشن پر برقرار ہیں۔ بھارت کے ایشان کشن پہلی اور ابھیشک شرما دوسری پوزیشن پر موجود ہیں۔ انگلینڈ کے ہیری بروک پانچ درجے بہتری کے بعد کیریئر کی بہترین چوتھی پوزیشن پر آگئے ہیں جب کہ جوز بٹلر 2 درجے بہتری کے بعد پانچویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
جوز بٹلر نے سری لنکا کے خلاف سیریز میں 172 رنز بنائے۔ صاحبزادہ فرحان کے علاوہ کوئی پاکستانی بیٹر ٹی 20 کی ٹاپ 20 رینکنگ میں شامل نہیں ہے۔