ایشین گیمز کرکٹ فائنل بھارت نے جیت لیا
ایشین گیمز کرکٹ کے فائنل میں بھارت نے پاکستان کو 19 رنز سے شکست دیکر گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا۔جاپان کے شہر نشین میں کھیلے جانیوالے میچ میں بھارت کی جانب سے دیئے گئے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان اور معاذ صداقت نے اننگز کا آغاز کیا لیکن صاحبزادہ فرحان 11 گیندوں پر 10 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ معاذ صداقت نے 23 رنز کی اننگز کھیلی۔ عثمان خان 6 گیندوں پر 3 رنز بنا کر شیوم دوبے کو اپنی وکٹ دے بیٹھے۔ پاکستان کی جانب سے حسن نواز نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 96 رنز بنا کر میچ کی آخری گیند پر آؤٹ ہو گئے، انہوں نے اپنی اننگز میں 5 چوکے اور 7 چھکے لگائے۔
قبل ازیں بھارت کے کپتان شیریاس ائیر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔بھارت کی جانب سے سوریا ونشی اور ابھیشیک شرما نے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں نے اپنی ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کیا۔ سوریا ونشی 9 گیندوں پر 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ ابھیشیک شرما نے 28 گیندوں پر 61 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی۔ ایشان کشن 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ تلک ورما نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 20 گیندوں پر ففٹی مکمل کی۔بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 211رنز بنائے جبکہ پاکستان کی جانب سے عرفات منہاس اور احمد دانیال نے2,2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ابرار احمد اور صائم ایوب کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
ایشین گیمز میں بھی بھارت نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنٹلمین سپورٹس کی دھجیاں بکھیر دیں اور بھارتی کپتان نے پاکستانی کپتان کے ساتھ ہاتھ نہیں ملایا۔