شکست کے باوجود مثبت پہلو موجود ہیں:انگلش کوچ برینڈن میک کولم
انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ برینڈن میک کولم نے پاکستان کے خلاف میچ میں شاداب خان کی شاندار بیٹنگ کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی اننگز مثالی تھی اور انہوں نے انتہائی مہارت کے ساتھ کھیلتے ہوئے اپنی ٹیم کو کامیابی دلوائی۔میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے برینڈن میک کولم نے کہا کہ شاداب خان نے لاجواب بیٹنگ کی اور دباؤ کی صورت حال میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔ ایل بی ڈبلیو کی اپیل پر شاداب خان کے ردعمل کو دیکھ کر ایسا محسوس ہوا جیسے وہ میچ جیت چکے ہوں۔ شاداب نے ریویو لیا اور ناٹ آؤٹ قرار پائے، جو کھیل کا حصہ ہے۔ جب بھی کسی ٹیم کو شکست ہوتی ہے تو بہت سی چیزیں سامنے آتی ہیں، تاہم اس میچ میں شکست کے باوجود انگلینڈ کے لیے کچھ مثبت پہلو بھی موجود ہیں۔انہوں نے انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ اچھی کپتانی کر رہے ہیں اور حکمت عملی تیار کرتے وقت مشاورت سے کام لیتے ہیں۔انگلش کوچ نے ایک بار پھر شاداب خان کی بیٹنگ کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی اننگز غیرمعمولی تھی اور انہوں نے اپنی مہارت سے میچ کا رخ تبدیل کردیا۔