اسکول کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے کھلاڑیوں کی قومی ٹیم کے ٹریننگ سیشن میں شرکت
پاکستان کرکٹ بورڈ کے اسکول کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت 6 نوجوان کرکٹرز نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں قومی کرکٹ ٹیم کے ٹریننگ سیشن میں شرکت کی جہاں انہیں قومی کھلاڑیوں کے ساتھ نیٹ پریکٹس کرنے اور کوچنگ اسٹاف سے سیکھنے کا موقع ملا۔
پی سی بی کے مطابق اسکول کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے منتخب کھلاڑیوں نے قومی ٹیم کے ٹریننگ سیشن میں شرکت کے دوران تجربے کار کرکٹرز سے رہنمائی حاصل کی۔قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے اسکول کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان لیگ اسپنر اور فاسٹ بولرز میں بہترین صلاحیتیں موجود ہیں۔انہوں نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے اس اقدام کو سراہا اور کہا کہ پی سی بی نے باصلاحیت نوجوان کرکٹرز کی تلاش کے لیے بہترین کام کیا ہے۔مائیک ہیسن کے مطابق نوجوان کھلاڑیوں کو قومی ٹیم کے ٹریننگ سیشن میں شرکت کا موقع فراہم کرنا ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور مستقبل کے لیے تیار کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹر بننے کے لیے صرف صلاحیت کافی نہیں بلکہ مسلسل محنت بھی ضروری ہے۔
قومی ٹیم کے اسٹار کھلاڑیوں بابر اعظم اور فخر زمان نے بھی نوجوان کرکٹرز سے ملاقات کی اور انہیں انٹرنیشنل کرکٹ کے تقاضوں سے آگاہ کیا۔اس دوران نوجوان کھلاڑیوں کو ٹریننگ، محنت اور اعلیٰ سطح کی کرکٹ میں کامیابی کے لیے ضروری امور پر رہنمائی فراہم کی گئی۔
اسکول کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے فاسٹ بولر عبدالرحمٰن نے قومی ٹیم کے ساتھ ٹریننگ سیشن میں شرکت کو اپنے لیے یادگار تجربہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ قذافی اسٹیڈیم میں قومی کھلاڑیوں کے ساتھ پریکٹس کرنا خواب پورا ہونے جیسا ہے۔نوجوان لیگ اسپنر محمد حسنین نے کہا کہ بابر اعظم اور فخر زمان سے ملاقات کے دوران مجھے ٹریننگ کے حوالے سے اہم باتیں سیکھنے کا موقع ملا۔
پی سی بی کے اسکول کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کو نوجوان اور باصلاحیت کرکٹرز کی نشاندہی اور انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کی ایک اہم کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔