2027 ورلڈ کپ میرا آخری ورلڈ کپ ہوگا، ٹائٹل جیتنے کیلئے پوری جان لگا دوں گا، ویرات کوہلی
بھارت کے مایہ ناز بیٹر ویرات کوہلی نے تصدیق کی ہے کہ ون ڈے ورلڈ کپ ان کا آخری میگا ایونٹ ہوگا۔ بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ویرات کوہلی نے کہا ہے کہ اگلے سال ہونے والا 50 اوورز کا ورلڈ کپ بھارت کے لیے ان کا آخری ورلڈ کپ ہوگا اور وہ ٹرافی جیتنے میں مدد کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لانے کو تیار ہیں۔ون ڈے انٹرنیشنلز میں 54 سنچریوں کے ساتھ سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے کوہلی اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز اور ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں اور اب بھارت کی نمائندگی صرف 50 اوورز کے فارمیٹ میں کرتے ہیں۔
37 سالہ بلے باز نے ون ڈے انٹرنیشنلز میں 14,941 رنز بنائے ہیں (جو سچن ٹنڈولکر کے 18,426 رنز کے بعد دوسرے نمبر پر ہیں)، وہ 2011 میں اپنے ملک میں ورلڈ کپ جیتنے کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں جبکہ 2023 کے فائنل میں انہیں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اکتوبر اور نومبر میں جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والا 2027 کا ایڈیشن کوہلی کا پانچواں ون ڈے ورلڈ کپ ہوگا۔
کوہلی نے بتایا کہ میرے لیے یہ وہ آخری ورلڈ کپ ہے جو میں بھارت کے لیے کھیلوں گا۔یہی میرا عزم اور تحریک ہے کہ میدان میں اپنی پوری جان لگا دوں۔ اور یقیناً مقصد ورلڈ کپ جیتنا ہی ہے اور اس کے لیے جو کچھ بھی کرنا پڑا میں اس کے لیے مکمل طور پر تیار ہوں۔50 اوورز کے ورلڈ کپ کے تقاضے کرکٹ کے مشکل ترین چیلنجز میں سے ایک بناتے ہیں، خاص طور پر ان لیے کہ یہ ٹورنامنٹ اپنے ملک سے باہر کھیلا جانا ہے۔50 اوورز کے ورلڈ کپ کی شدت کسی بھی دوسری چیز سے زیادہ ہوتی ہے کیونکہ اب اس میں ‘ٹی ٹوئنٹی’ کی سطح کی شدت کے ساتھ تقریباً 10 میچز کھیلنے ہوتے ہیں۔