پریزیڈنٹ ٹرافی: بابر اعظم اور فاسٹ باولر رضااللہ آج ایکشن میں ہوں گے
پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کا تیسرا راؤنڈ آج سے اسلام آباد، ایبٹ آباد اور پشاور میں شروع ہوچکا ہے، جس میں کئی ٹیسٹ کرکٹرز اور پاکستان انڈر 19 ٹیم کے کھلاڑی اپنی اپنی ڈیپارٹمنٹل ٹیموں کو جوائن کرچکے ہیں۔ بابر اعظم اور رضا اللہ نے او جی ڈی سی ایل کو جوائن کرلیا ہے، جو ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں خان ریسرچ لیبارٹریز (کے آر ایل) کے خلاف میدان میں اترے گی جبکہ کے آر ایل نے بھی اسپنر عثمان طارق کی خدمات حاصل کرلی ہیں۔
دوسرے راؤنڈ میں غنی کے ہاتھوں شکست کے بعد کم بیک کی خواہاں سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز (ایس این جی پی ایل) کی ٹیم میں فاسٹ بولر نسیم شاہ، عبداللہ شفیق اور پاکستان انڈر 19 کے فرحان یوسف، عبدالصبحان اور حمزہ ظہور شامل ہوگئے ہیں، مارخور آئی ٹی سلوشنز کو فاسٹ بولر محمد عامر جمال نے جوائن کرلیا ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان نے عبداللہ فضل کو ٹیم میں شامل کرلیا ہے جبکہ کنگز مین اکیڈمی کو ٹیسٹ بیٹر سعود شکیل کی خدمات حاصل ہوگئی ہیں، بائیں ہاتھ کے سپنر علی عثمان پی ٹی وی کی نمائندگی کریں گے، غنی گلاس کو عبید شاہ کی شمولیت حاصل ہوگئی ہے۔