تازہ ترین

بھارتی بالر بھونیشور کمار نے 22  نومبر 2022 کو  بھارتی ٹیم کی جرسی میں اپنا آخری میچ کھیلا تھا۔ گزشتہ 4 برسوں کے دوران کئی تیز گیند باز ٹیم انڈیا میں آئے اور آہستہ آہستہ بھونیشور کا نام گمنام ہوتا چلا گیا۔ سلیکشن کمیٹی کی میٹنگ میں بھی بھونیشور کے نام پر بحث ہونا بند ہو گئی تھی۔ حالانکہ بھونیشور کی سخت محنت و مشقت مسلسل جاری رہی اور وہ اپنے کام میں لگے رہے۔ بھونیشور 36 برس کی عمر میں 4 برسوں بعد بھارتی ٹیم میں واپسی کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ انہیں نیوزی لینڈ کے خلاف 5 ٹی-20 میچوں کی سیریز کے لیے اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

بھونیشور کی دوبارہ بھارتی ٹیم میں واپسی کی امید تقریباً ہر کسی نے چھوڑ ہی دی تھی۔ کئی کرکٹ ماہرین تو بھونیشور کے ریٹائرمنٹ کے اعلان کا انتظار کرنے لگے تھے۔ حالانکہ بھونیشور نے بغیر کسی بیان بازی کے اپنی گیند بازی کو نکھارنا جاری رکھا۔ آئی پی ایل 2025 میں رائل چیلنجرز بنگلور کی جانب سے کھیلتے ہوئے انہوں نے مجموعی طور پر 17 وکٹیں حاصل کیں۔ وکٹیں لینے سے زیادہ بھونیشور کمار کی آخری اوورز میں شاندار گیند بازی نے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی اور انہوں نے آر سی بی کو پہلی بار چیمپئن بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔آئی پی ایل 2026 بھونیشور کے لیے اور بھی شاندار رہا۔ بھونیشور کمار نے اس سیزن میں کھیلے گئے 16 مقابلوں میں 17.89 کی اوسط سے 28 وکٹیں حاصل کیں، اور ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے گیند بازوں میں دوسرے نمبر پر رہے۔ بھونیشور کی گیند بازی آر سی بی کے مسلسل دوسری بار چیمپئن بننے کی وجہ بنی۔ آئی پی ایل کے مسلسل 2 سیزن میں شاندار گیند بازی کی وجہ سے بھونیشور کی ٹیم انڈیا میں واپسی کے مطالبات اٹھنے لگے۔ بھونیشور نے اپنی زبردست کارکردگی سے سلیکٹرز پر بھی دباؤ بنایا۔


 بھونیشور اتر پردیش ٹی20 لیگ 2026 میں بھی  اپنی بالنگ کی چھاپ چھوڑنے میں کامیاب رہے۔ انہوں نے ٹورنامنٹ میں 6.11 کی اکانومی سے گیند بازی کرتے ہوئے 11 مقابلوں میں مجموعی طور پر 14 وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے ساتھ ہی اپنی کپتانی میں بھووی نے لکھنؤ فالکنز کو فائنل تک بھی پہنچایا۔ یہی وجہ رہی کہ نیوزی لینڈ کے خلاف اپنا آخری انٹرنیشنل میچ کھیلنے والے بھونیشور 4 برسوں بعد  اسی ٹیم کے خلاف ٹیم انڈیا کی جرسی میں واپسی کریں گے۔ اپنی سوئنگ کے دم پر بھونیشور نیوزی لینڈ میں خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔

Leave A Comment

Advertisement